ناکام عشق کے بعد صبا قمر کو سچا پیار مل گیا


اپنے ناکام عشق میں زندگی کے آٹھ برس ضائع کرنے والی معروف اداکارہ صبا قمر کے حوالے سے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ اس مرتبہ سچا پیار پانے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ صبا قمر نے اپنے پیار کو ہمیشہ کے لیے اپنی زلفوں کا اسیر بنانے کےلیے جلد از جلد شادی کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
ہمیشہ تنازعات میں گھری رہنے والی صبا قمر اکثر خبروں میں رہتی ہیں جس کی وجہ کبھی ان کی کھلی ڈلی گفتگو بنتی ہے اور کبھی ان کا یوٹیوب چینل۔ بے باک انداز میں حساس موضوعات پر بات کرنے والی صبا کے ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ ہھر چرچے ہیں جن کی وجہ ان کا بولڈ فوٹو شوٹ ہے، اداکارہ کو جہاں اپنی بولڈ تصاویر پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں جلی کٹی سنائی جا رہی ہیں وہیں بڑی تعداد میں صارفین ان کی خوبصورتی کی تعریفیں کرتے بھی نظر آ رہے ہیں۔
حال ہی میں انسٹاگرام پر صباقمر نے اپنے بولڈ فوٹو شوٹ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ اگر یہ ہونا ہے تو یہ ہوجائے گا۔ تصویر شیئر کیے جانے کے بعد جہاں مداحوں کی جانب سے صبا قمر کےلیے پسندیدگی کا اظہار کیا گیا وہیں عظیم نامی ایک صارف نے اداکارہ سے شادی کی خواہش کا اظہار بھی کردیا۔ صارف نے صبا کی پوسٹ پر کمنٹ کیا کہ چلو اس سال شادی کرلیتے ہیں؟ جس پر صبا قمر نے حیران کن طور پر عظیم خان کو ٹیگ کرتے ہوئے ہوئے لکھا کہ’ قبول ہے‘۔
صباقمر کے جواب نے سوشل میڈیا پر ہلچل تو مچادی تاہم جب اداکارہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد وہ شادی کے بندھن میں بندھنے جارہی ہیں اور ان کا جیون ساتھی وہی سوشل میڈیا صارف ہے جس کو اداکارہ نے قبول ہے کہا تھا۔ صبا قمر نے کہا کہ مجھے وہ شخص مل گیا ہے جس کے ساتھ اب مجھے گھر بسانا چاہیے، میں ہمیشہ سے شادی کے خلاف تھی تاہم اس نے میری سوچ بدل دی اور مجھے شادی کےلیے قائل کرلیا، اگر تمام چیزیں ٹھیک رہیں تو ہم بہت جلد ہم شادی کرلیں گے۔
صبا قمر نے جیون ساتھی سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ عظیم ہی وہ شخص ہے جس نے پوسٹ پر مجھے شادی کےلیے کہا تھا، عظیم کا تعلق کراچی سے ہے تاہم ابھی آسٹریلیا میں رہائش پذیر ہے۔ اداکارہ نے اپنی شادی کی تاریخ تو نہیں بتائی تاہم انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست ضرور کی ہے۔
خیال رہے کہ صبا قمر نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ کیسے انہوں نے اپنی زندگی کے آٹھ اہم ترین سال ایک شخص سے عشق کی نظر کر دیے لیکن اس آدمی نے بعد میں ایک اور لڑکی کے لیے انہیں چھوڑ دیا۔ لیکن صبا نے اس شخص سے بے وفائی کا بدلہ اس طرح لیا کہ اپنے کتے کا نام اس کے نام پر رکھ دیا۔ صبا کا کہنا تھا کہ اداکاروں کو ایسا ہونا چاہیے کہ جن سے عام لوگ خود کو جوڑ سکیں، میں چاہتی ہوں کہ شوبز۔میں ایسے کردار ادا کروں جو حقیقت کے قریب تر لگیں‘۔ انہوں نے اپنی زندگی کی کہانی شئیر کرتے ہوئے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ کسی شخص کے ساتھ 8 سال تک تعلقات میں رہیں تاہم اس تعلق کا انجام بہت برا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ’بہت چھوٹی عمر سے ہی ہم لڑکیوں کو سکھایا جاتا ہے کہ بھلے وہ مر جائیں لیکن اپنی زندگی میں آنے والے پہلے مرد کو کبھی نہیں چھوڑیں، اور اسی ایک جملے نے میری زندگی کے 8 سال تباہ کردیے‘۔
صبا قمر نے اپنی ناکام محبت کے بارے میں بتایا کہ ’وہ مجھ سے جھوٹ بولتا، برا سلوک کرتا، میری تذلیل کرتا تھا اور بعد میں معافی مانگ لیتا، لیکن میرے لیے یہ تعلق اہم تھا کیوں کہ میں شادی کے حوالے سے سوچتی تھی اسی لیے 8 سال اسے قائم رکھا، یہ سوچ کر کہ وہ بہتر ہوجائے گا، لیکن وہ بہتر نہیں ہوا بلکہ اس نے میرے ذہن اور زندگی کو تباہ کردیا‘۔ تاہم صبا قمر بتاتی ہیں کہ انہوں نے اس شخص کی بے وفائی کا بدلہ اس طرح لیا کہ اپنے کتے کا نام اس کے نام پر رکھ دیا۔ تاہم اب وہ سچا پیار پانے میں کامیاب ہو چکی ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ اس محبت کا انجام کیا ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close