عمران خان کشمیر الیکشن جیت گئے تو ہم تسلیم نہیں کرینگے
![](https://i0.wp.com/googlynews.tv/wp-content/uploads/2021/07/Fazal.jpg?resize=318%2C159&ssl=1)
جنوبی وزیر ستان: مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کشمیر کا الیکشن جیت گئے تو ہم دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کریں گے۔جنوبی وزیرستان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں، پاکستان اور کشمیریوں کے 70 سالہ موقف سے غداری کی ہے، ہم نے پہلے کہہ دیا تھا کہ عمران خان نے کشمیر پر سودا بازی کردی اور یہ بیان ہمارے موقف کا ثبوت ہے، اب دھاندلی سے آزاد کشمیر میں نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم اگر عمران خان کشمیر کا الیکشن جیت گئے تو ہم دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قبائلیوں کا انضمام تو کردیا گیا لیکن اب اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے، قبائل میں نہ پرانا قانون ہے اور نہ نئے قانون کو سمجھا جارہا ہے، مردم شماری میں قبائلیوں کے بھی ساتھ دھاندلی کی گئی، قبائلی ہجرت میں تھے اور مردم شماری کردی گئی ہمیں ایسی مردم شماری قبول نہیں، گلگت بلتستان کی آبادی 15 لاکھ ہے اسے صوبہ بنانے کی باتیں کی جارہی اور ڈیڑھ کروڑ والی آبادی قبائل کو صوبہ بنانے نہیں دیا جارہا ہمارا مطالبہ ہے کہ قبائل کو الگ صوبہ بنایا جائے۔