ماہرہ خان لیفٹیننٹ جنرل نگار کا کردار ادا کریں گی

پاکستانی و بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں سے خوب نام کمانے والی معروف اداکارہ ماہرہ خان جلد آئی ایس پی آر کی ٹیلی فلم میں پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے روپ میں جلوہ افروز ہوں گی، ماہرہ خان ماضی میں بھی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے تیار کردہ کچھ منصوبوں میں اداکاری کر چکی ہیں لیکن اب سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش ہیں کہ وہ ایک ٹیلی فلم میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

متعدد سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ جلد ہی ماہرہ خان آئی ایس پی آر کے تعاون سے بننے والی ایک ٹیلی فلم میں پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ وائرل ہونے والی پوسٹس کے مطابق مذکورہ ٹیلی فلم کی شوٹنگ راولپنڈی کے آرمی میڈیکل کالج میں جاری ہے اور ماہرہ خان بھی اس کا حصہ ہیں لیکن اس حوالے سے کسی مستند ذریعے کا حوالہ نہیں دیا گیا اور آئی ایس پی آر یا اداکارہ نے بھی تاحال اس پر کوئی بات نہیں کی ہے۔

مذکورہ خبریں اس وقت سوشل میڈیا پر گردش کرنا شروع ہوئیں جب میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے 3 روز قبل ماہرہ خان کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ماہرہ خان کو پائلٹ کی ڈریس میں دکھایا گیا تھا۔عمیر وقار کی جانب سے شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں اگرچہ ماہرہ خان کو پائلٹ کے لباس میں جنگی جہاز اور گاڑیوں کے درمیان ایکشن کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن ویڈیو سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ وہ کسی ٹیلی فلم یا ڈرامے کا سین ہے۔

بظاہر ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ اداکارہ کسی اشتہار یا مہم کا حصہ ہیں لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔عمیر وقار نے ماہرہ خان کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اداکارہ کے ساتھ ایک منصوبے پر کام کر رہے ہیں جس کی ہدایات اداکار عدنان ملک دیں گے تاہم اداکارہ کی فوجی پائلٹ پر مبنی ویڈیو سامنے آنے پر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ سکرین پر پاک فوج کی پہلی خاتون افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

خیال رہے کہ نگار جوہر خان کو پاک فوج میں گزشتہ برس جون میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی، اس سے قبل وہ میجر جنرل کے عہدے پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔وہ مذکورہ عہدہ حاصل کرنے والی پہلی خاتون فوجی افسر بنی تھیں ، انہیں جون 2020 میں ترقی دے کر سرجن جنرل آف پاکستان آرمی تعینات کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر آرمی میڈیکل کالج کی گریجویٹ ہیں اور پاک فوج میں تقریباً 3 دہائیوں پر مشتمل کیریئر میں انتظامی اور مختلف امور میں سربراہی کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔انہوں نے فیملی میڈیسن میں ایم سی پی ایس، ایڈوانسڈ میڈیکل ایڈمنسٹریشن میں ایم ایس سی اور صحت عامہ میں ماسٹرز کررکھا ہے۔آرمی میڈیکل کور کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے پر انہیں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز ملٹری اور فاطمہ جناح گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔

Related Articles

Back to top button