بجلی کے مہنگے گھریلو بل کم کرنے کا نسخہ کیا ہے؟


کپتان حکومت برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے ہوشربا بلوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ اس صورتحال میں مہنگائی کم ہونے کا تو کوئی امکان نہیں لیکن آپ اپنا بجلی کا بل ضرور کم کر سکتے ہیں لہذا آج ہم آپ کو کچھ ایسی موثر تدابیر بتائیں گے جو آپکے بجلی کے ماہانہ بل کو حیرت انگیز حد تک کم کر دیں گی۔
ہر گھر میں بلب، پنکھے، کولر، اے سی سے لے کر مائیکرو ویو، فریج، ہیٹر اور گیزر جیسی اشیاء موجود ہوتی ہیں۔ سب سے پہلے تو آپ اپنے ریفریجریٹر کا درجہ حرارت چند ڈگری بڑھا کر بجلی کی کھپت کو کم کر سکتے ہیں۔ تازہ کھانے کے لیے 36-38 ڈگری فارن ہائیٹ کا درجہ حرارت کافی ہے۔ عام طور پر فریج کا درجہ حرارت ضرورت سے 5-6 ڈگری کم رکھنے کے لیے پروگرام کیا جاتا ہے، اس کے ساتھ ہی فریزر کو سیٹ کرنے کا معیار صفر سے 5 ڈگری فارن ہائیٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فریج اور فریزر کو ہمیشہ بھرا رکھنا چاہئے کیونکہ ایسا کرنے سے سامان کو ٹھنڈا کرنے میں کم توانائی خرچ ہوگی، اس طرح آپ کم بجلی کے استعمال سے اپنے فریج کو زیادہ دیر تک ٹھنڈا رکھ سکتے ہیں۔
اپنی واشنگ مشین کو ہمیشہ اندر سے صاف رکھیں تا کہ اس کا ڈرائر تیز رفتاری سے چلے اور کپڑے دھونے میں کم وقت لگے ورنہ مشین زیادہ دیر چلے گی اور زیادہ بجلی کھائے گی۔ کوشش کریں کہ آپ کی بجلی سے چلنے والی گھریلو الائنس دن کے بجائے رات میں زیادہ استعمال ہوں کیونکہ دن میں استعمال ہونے والی بجلی زیادہ مہنگی پڑتی ہے۔ اسکے علاوہ کپڑوں کو ہمیشہ ٹھنڈے پانی سے دھونا بہتر رہے گا، ایسا کرنے سے واشر کا درجہ حرارت سیٹ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور کپڑے جلدی صاف ہو جائیں گے۔ واشنگ مشین کے ڈرائر کو صرف بڑے کپڑوں کے لیے استعمال کرنا بہتر رہے گا۔ جرابوں، زیر جامے اور رومال جیسے کپڑے کو ڈرائر کے بغیر آسانی سے خشک کیا جا سکتا ہے۔ ایسا کرنے سے آپ مشین کو کم وقت چلائیں گے اور بجلی کی کھپت بھی کم کر سکیں گے۔
اس بات کا پورا خیال رکھیں کہ گھر میں نصب بلب ایل ای ڈی بلب ہیں، اس سے بجلی کی بچت ہوگی۔ عام بلب کے مقابلے میں ایل ای ڈی بلب بجلی کی کھپت کو 80 فیصد تک کم کر سکتے ہیں۔ گھر کے الیکٹرک بورڈ میں سمارٹ پاور سٹرپ کا استعمال کریں، ایسا کرنے سے آپ کو گھر سے باہر نکلتے وقت ہر سوئچ آف کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور پورے گھر کی بجلی ایک ساتھ منقطع ہوسکتی ہے۔
گرمیوں میں کھڑکی کا شیڈ استعمال کرنے سے آپ کا گھر ٹھنڈا رہے گا اور ٹھنڈک کی ضرورت بھی کم ہوگی۔ اگر باہر سے گرم ہوا اندر نہیں آئے گی تو اے سی یا کولر کے اندر کی فضا کو ٹھنڈا کرنے کے لیے کم توانائی استعمال کرنی پڑے گی۔ سورج کی تپش سے بچنے کے لیے گھر میں پودے لگانا بھی فائدہ مند ثابت ہوگا اور یہ عمل گھر میں ٹھنڈک رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اگر آپ گھر میں واٹر ہیٹر استعمال کرتے ہیں تو اسکے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنا بھی ضروری ہے تاکہ ضرورت کے مطابق اسے سیٹ کیا جا سکے، گھر میں رکھی اشیاء کو ایڈجسٹ کرکے بھی بجلی کی بچت کی جا سکتی ہے۔ گھر میں بستر اور صوفے کو براہ راست اے سی کے نیچے نہ رکھیں اور اسکی ہوا کو پورے گھر میں پھیلنے دیں۔ اس سے آپ کے AC پر کم بوجھ پڑے گا اور گھر کو ٹھنڈا کرنے کا عمل تیزی سے کیا جا سکتا ہے۔ گھر میں فرنیچر کو اس طرح لگائیں کہ ہوا کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ آئے۔
گھر کے باہر سولر پینل لگا کر بھی بجلی کی بچت کی جا سکتی ہے۔ باہر کی روشنی یا لیمپ کو سولر پینل سے جوڑیں تاکہ دن میں چارج ہونے کے بعد اسے رات کو استعمال کیا جا سکے، اس کے علاوہ موشن سینس سولر لائٹ بھی بجلی کی بچت میں مددگار ثابت ہوگی۔

Related Articles

Back to top button