ایم کیو ایم سے اتحاد قائم رہے گا

ایم کیو ایم پاکستان سربراہ اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کہا کہ ایم کیو ایم ہماری اہم اتحادی جماعت ہے اور رہےگی۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے اپنا استعفیٰ براہ راست حکومت کو نہیں بھیجا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر ایم کیو ایم پاکستان کے پارٹی وفد سے ملاقات کریں گے اور ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے مگر ایم کیو ایم ہماری اہم اتحادی جماعت ہے اور رہےگی۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ کراچی کو دنیا کے بہترین شہروں کی طرح سہولیات دینی ہیں۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی کابینہ سے علیحدہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے شکوہ کیا کہ ہم نے حکومت سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت بنانے میں آپ کی مدد کریں گے، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا لیکن اس ڈیڑھ سال کے عرصے میں ہمارے ایک نقطے پر بھی پیش رفت نہیں ہوئی۔
حکومت سے اتحاد ختم ہونے سے متعلق سوال پر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم نے وزارت قانون و انصاف نہیں مانگی تھی، ہم نے جو دو نام وزارتوں کے لیے دیئے تھے ان میں فروغ نسیم کا نام شامل نہیں تھا، حکومت کو ایک ایسے وکیل کی ضرورت تھی جو ان کے مقدمات اچھی طرح سے لڑ سکے اس لیے انہوں نے فروغ نسیم کو خود منتخب کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو وفاقی حکومت چھوڑنے اور سندھ حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button