پی ڈی ایم نے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا عندیہ دیدیا

پی ڈی ایم نے آئندہ عام انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا عندیہ دے دیا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان پیدا ہونے تنازعے کے بعد اپوزیشن اتحاد نے بھی حکومت کیخلاف محاذ کھولنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن جماعتوں نے آئندہ عام انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم جماعتوں کے رہنماوں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اگر حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے معاملے پر زور زبردستی کی کوشش کی، تو اس صورت میں عام انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ نواز شریف اور دیگر رہنماوں کی مشاورت کے بعد کیا جائے۔انتخابات کے بائیکاٹ کے علاوہ پی ڈی ایم جماعتوں کی جانب سے حکومت کیخلاف احتجاج بھی شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم کی جانب سے چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد میں دھرنا دیے جانے کا امکان ہے، اس حوالے سے حتمی اعلانات آئندہ چند روز میں متوقع ہیں۔ دوسری جانب اس تمام صورتحال میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج کل ہر کام پاکستان میں اُلٹا ہی ہورہا ہے کوئی سیدھا کام ہورہا ہو تو کچھ کہیں نا، اونٹ رے اونٹ تیری کون سی کل سیدھی۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق کہا کہ بڑا دکھ ہے کہ سارے زخم پاکستان کو پہنچ رہے ہیں، الیکشن کمشنر پر حکومت جو الزامات لگا رہی ہے ملک وقوم کے ساتھ زیادتی کررہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کوعہدے کیلئے نامزد کرنے والے بھی یہی تھے اب اسی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف الزام تراشی شروع کردی گئی ہے؟ پاکستان کو چلنے دو اور آگے بڑھنے دو، ہر قدم پر تم پاکستان کو زخم لگا رہے ہو اور ملک وقوم کے ساتھ زیادتی کررہے ہو،ہم پاکستان اور قوم کے ساتھ زیادتی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔

نوازشریف نے کہا کہ وکلاء نے پاکستان کے آئین کی بات کی پاکستان کے قانون کے احترام کی بات کی,پاکستان میں جمہوریت اور جس مقصد کیلیے پاکستان بنایا گیا تھا اس کی بات کی۔ میرا تو ایجنڈا اور مسلم لیگ ن کی ساری جدوجہد ہی یہی ہے ، دل کو بڑی تسلی ہوتی ہے جہاں سے بھی آئین اور قانون کی بالادستی کی کیلئے آواز اٹھائی جاتی ہے، وکلاء کا آئین وقانون کے اٹھنا ملک وقوم کیلئے خوشی کا پیغام ہے۔

Related Articles

Back to top button