اینکرپرسن فہد حسین وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر

وزیراعظم شہباز شریف نے معروف صحافی و تجزیہ کار فہد حسین کو اپنا معاون خصوصی مقرر کر دیا، فہد حسین کے تقرر کا نوٹیفیکیشن جمعے کی رات جاری کیا گیا، انصار عباسی سمیت کئی معروف صحافیوں نے نئی ذمہ داری ملنے پر فہد حسین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صحافی فہد حسین نے ایچی سن لاہور سے تعلیم حاصل کی جبکہ 1991 میں امریکہ سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی، پاکستان واپس آنے کے بعد انگریزی اخبار دی مسلم میں بطور رپورٹر کام شروع کیا، فہد حسن نے 29 برس کی عمر میں نوائے وقت گروپ کے انگریزی اخبار دی نیشن میں پاکستان کے کم عمر ترین ایڈیٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں۔
کچھ عرصے بعد وہ دوبارہ اعلٰی تعلیم کے لیے امریکہ چلے گئے اور کولمبیا سکول آف جرنلزم سے اعزاز کے ساتھ ماسٹرز کیا، پاکستان واپس آنے کے بعد وہ جنگ گروپ کے انگریزی روزنامے دی نیوز کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر بن گئے اور اس کے بعد الیکٹرانک میڈیا میں ان کے کیریئر کا آغاز جیو نیوز میں پروگرام ’فالو اپ وِد فہد‘ کے انگریزی ٹاک شو کے ساتھ ہوا۔
بعد ازاں انہوں نے ایکسپریس نیوز اور دنیا نیوز میں بطور ڈائریکٹرز نیوز ذمہ داریاں ادا کیں، فہد حسین نے نجی نیوز چینل اے آر وائے پر بھی سیاسی ٹاک شو کیا، اسلام آباد سے نجی نیوز چینل کیپیٹل ٹی وی کے آغاز پر وہ لانچنگ ٹیم کے سربراہ تھے، حال ہی میں وہ انگریزی روزنامے ڈان کے اسلام آباد میں ریذیڈنٹ ایڈیٹر رہے اور ڈان ٹی وی پر ٹاک شو بھی کرتے رہے۔

Related Articles

Back to top button