مارگلہ پہاڑیوں پر آگ لگانے کی ویڈیوز کی اصل کہانی


مارگلہ کی پہاڑیوں پر مبینہ طور پر آگ لگا کر ٹک ٹاک کے اکائونٹ ڈولی آفیشل سے ویڈیو شیئر کرنیوالی ٹک ٹاکر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خلاف کارروائی ناجائز ہے، کیونکہ میں تو آج تک کوہسار نیشنل پارک گئی ہی نہیں، میں نے تو موٹروے پر آگ لگی دیکھ کر ویڈیو بنائی تھی، خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے اصل ویڈیو بھی شیئر کر دی ہے جسے دیکھ کر لوگوں کو حقیقت پتہ چلے گی۔

یاد رہے کہ ڈولی کی ٹک ٹاک ویڈیو ٹوئیٹر پر وائرل ہوئی تھی، جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اس ویڈیو میں خاتون کو مشہور گانے ’پسوڑی‘ پر آگ کے سامنے سے گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔ ویڈیو مبینہ طور پر مارگلہ پہاڑیوں میں شوٹ کی گئی تھی اور یہ الزام لگایا گیا کہ اسے بنانے کی خاطر وہاں موجود درختوں اور جھاڑیوں کو آگ لگائی گئی۔

تاہم دوسری طرف اپنے وضاحتی بیان میں حمیرا اصغر المعروف ڈولی نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی آگ میں نے خود نہیں لگائی اور نہ ہی کوئی جنگل جلا کر کسی قسم کا نقصان کیا ہے۔ یاد رہے کہ ڈولی آفیشل کے ٹک ٹاک پر سوا کروڑ فالوورز ہیں اور ان کی ویڈیوز کو کافی پسند کیا جاتا ہے، وہ بولڈ ویڈیوز بنانے کے حوالے سے بھی شہرت رکھتی ہیں، ٹک ٹاک پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے اپنی ویڈیو پر ویوز حاصل کرنے کے لیے آگ لگائی۔ چنانچہ ڈولی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

تاہم ٹک ٹاکر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ردعمل کے بعد مجھے بہت مایوسی ہوئی، افسوس ہے کہ واقعے کی حقیقت جانے بغیر اتنا بڑا قدم اٹھایا گیا اور میرے خلاف کیس بھی درج کر لیا گیا، ایک ویڈیو کو اس طرح سے وائرل کرنا اور کسی بھی مشہور شخصیت کے لیے مسئلہ پیدا کرنا مایوس کن ہے، کیونکہ سوشل میڈیا مشہور شخصیات کے لیے مسائل پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی حقیقت سے متعلق تحقیق کی جانی چاہئے تھی، اور اسکی اصلیت جاننی چاہئے تھی۔ اس کے بعد اگر آپ پتہ چلتا کہ اس معاملے میں کچھ اونچ نیچ یا گڑبڑ ہے تو آپ میرے خلاف کوئی قدم اٹھاتے۔ ٹک ٹاکر نے کہا کہ مجھے برسوں ہو گئے ہیں نیشنل پارک کوہسار گئے ہوئے، آپ تحقیقات کر سکتے ہیں، میں یہ بات پورے یقین کے ساتھ کر رہی ہوں، حمیرا نے کہا کہ میں ہری پور سے اپنی میک اپ کلاس لے کر گھر واپسی کے لیے موٹروے پر سفر کر رہی تھی جہاں میں نے آگ لگنے کے مناظر دیکھے اور اپنی ٹک ٹاک ویڈیو بنا لی۔ لیکن مجھے کیا پتا تھا کہ ایسا کرنے پر مجھ پر جنگل جلانے کا جھوٹا الزام لگ جائے گا۔

Related Articles

Back to top button