کسان کا بیٹا ’’پنکج ترپاٹھی‘‘ معروف بھارتی اداکار کیسے بنا؟


معروف بھارتی اداکار پنکج ترپاٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک غریب کسان کے بیٹے ہیں اور لڑکپن تک انہوں نے روپے پیسے کی شکل تک نہیں دیکھی تھی۔ 2004 میں فلم ’’رن‘‘ اور ’’اومکارا‘‘ میں چھوٹے کرداروں سے بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والے بالی ووڈ سٹار پنکج ترپاٹھی کے مطابق ان کا بچپن کافی غربت میں گزرا ہے، یہاں تک کہ بچپن میں کبھی پیسوں کی شکل تک نہیں دیکھنے کو ملی اور ان کے گھر ٹی وی بھی نہیں تھا۔

ابتدائی طور پر فلموں میں معاون اور مختصر کردار ادا کرنے کے بعد پنکج ترپاٹھی نے 2012 میں ’گینگ آف واسے پور‘ میں اداکاری سے شہرت حاصل کی۔ تب سے وہ منفی کرداروں کے لیے فلم سازوں کی پسندیدہ شخصیت بن گے۔
پنکج ترپاٹھی کو ان چند بالی ووڈ اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، جن کی اداکاری کو نیچرل قرار دیا جاتا ہے، حال ہی میں بالی ووڈ سٹار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فلم انڈسٹری کا مقبول چہرہ بن جانے کے باوجود انہیں لگتا ہے کہ وہ کبھی بھی بڑا گھر خرید نہیں سکیں گے اور نہ ہی کبھی وہ پرتعیش زندگی گزارنے کے اہل ہو سکیں گے۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق پنکج ترپاٹھی نے بتایا کہ انہیں پیسے کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہے لیکن ان کا خیال ہے کہ خوشحال زندگی گزارنے کیلئے ’فضول‘ یا ’اضافی‘ پیسے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اداکار کا کہنا تھا کہ چوںکہ وہ انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد کسان تھے اور بچپن میں کبھی کبھی نقد پیسے دیکھے تھے، اس لیے انہیں پیسے کی اہمیت کا اندازہ ہے، ان کے والدین میں ٹی وی تک نہ تھا اور وہ انتہائی سادہ زندگی گزارتے تھے۔ پنکج ترپاٹھی کا کہنا تھا کہ ریاست بِہار سے ممبئی آنے کے بعد بھی کئی سال تک سادگی اور غربت کی زندگی گزاری اور اب بھی انہیں ایسا ہی لگتا ہے کہ وہ کبھی بہت بڑا گھر خرید نہیں سکیں گے اور نہ ہی وہ پرتعیش زندگی گزارنے کو اہمیت دیں گے۔

اداکار کے مطابق وہ اور ان کی اہلیہ کئی سال سے ممبئی جیسے شہر میں رہائش پذیر رہے ہیں مگر کبھی انہیں پرتعیش زندگی گزارنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی اور نہ ہی انہیں ایسا لگتا ہے کہ اب وہ اچھی گاڑی خریدنے کے لیے بھی قرض ہی لیں گے، پنکج ترپاٹھی کا کہنا تھا کہ ابہوں نے ہمیشہ اور ہر حال میں شکر ادا کرتے ہوئے ہی زندگی گزاری ہے اور سمجھتے ہیں کہ وہ ایک خوش قسمت ترین انسان ہیں۔

یاد رہے کہ پنکج ترپاٹھی اپنی فلموں مرزاپور، گینگ آف واسے پور، بیریلے کی برفی، فکرے، سنگھم اور دبنگ‘ میں شاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں، انہوں نے اب تک 60 سے زائد بھارتی فلموں اور 60 سے زائد ٹی وی شوز میں پرفارم کیا ہے اور ابھی درجنوں فلموں میں کام کر رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button