نینسی کا دورہ تائیوان:امریکہ میں چینی سفیرطلب ،چین کاپلوسی پر پابندیوں کااعلان

امریکی اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اوراب وائٹ ہاؤس نے ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر سخت ردعمل دینے پر چینی سفیرکوطلب کرلیاجبکہ چینی نے نینسی پلوسی اوران کے خاندان پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس نے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے سلسلے میں چین کے سخت رد عمل اور چین میں امریکی سفیر کی طلبی کے بعد چینی سفیر کو جمعرات کے روز طلب کیا۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر امریکی حکام نے یہ واضح کیا کہ امریکا خطے میں کسی بھی قسم کا بحران نہیں چاہتا۔امریکی سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے اپنے بیان میں چینی سفیر کی طلبی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چینی سفیر کو نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر سخت ردعمل کے جواب میں طلب کیا گیا ہے، امریکا تائیوان میں چین کی فوجی مشقوں کی مذمت کرتا ہے اور یہ عمل انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق سکیورٹی کونسل کے ترجمان نے چین کی فوجی مشقوں کو امریکا کے تائیوان میں امن و استحکام کے مقاصد کو دھچکا قرار دیا اور کہا کہ چینی سفیر سے سفارتی چینل کے ذریعے اس معاملے پر احتجاج کیا گیا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق وائٹ ہاؤس نے چینی سفیر پر واضح کیا کہ امریکا رابطوں کے تمام راستے کھلے رکھنا چاہتا ہے اور اس کی ون چائنا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

دوسری جانب چین نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور ان کے خاندان پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایک بیان میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ نینسی پلوسی نے چین کے داخلی امور میں سنگین مداخلت کی ہے اور چین کی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچایا ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے کہانینسی پلوسی کےاشتعال انگیز اقدامات کی وجہ سے پلوسی اور ان کے اہلخانہ پر چین کے مروجہ قوانین کے تحت پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے متنازع دورہ تائیوان پر چین نے تائیوان کے قریب سب سے بڑی جنگی مشقوں کا آغاز کیا تھا۔ چین نے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ اگر نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو چین کی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی لیکن اس کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان کے دورے پر پہنچ گئیں جس پر امریکا اور چین کے درمیان تناؤ مزید شدت اختیار کر گیا جبکہ تائیوان کی جانب سے چینی فوجی مشقوں کو سمندری اور فضائی حدود بند کرنے سے تشبیہ دی گئی جب کہ امریکا نے چین کی جنگی مشقوں کو غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا۔

Related Articles

Back to top button