حریت رہنما علی گیلانی کے انتقال کی خبروں کی تردید، طبیعت شدید ناساز

سوشل میڈیا سمیت بھارت میں خبریں وائرل ہوئی ہیں کہ بزرگ حریت رہنما رہنما سیّد علی گیلانی انتقال کرگئے ہیں یہ خبریں جعلی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چیئرمین آل پارٹیز حریت کانفرنس سید علی گیلانی اس وقت نظر بند ہیں اور اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد وہ شدید علیل ہیں۔ ترجمان حریت رہنما کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی طبیعت طویل نظربندی کے باعث خراب ہوئی، انہیں پھیپھڑوں میں انفیکشن سے سانس لینے میں مشکلات ہیں۔ ترجمان نے کشمیری عوام سے سید علی گیلانی کی جلد صحتیابی کےلیے دعا کی درخواست کی۔
دوسری جانب سید علی گیلانی کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث ان کے انتقال کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں جس کی تردید ان کے صاحبزادے نسیم گیلانی نے کی۔ نسیم گیلانی نے بتایا کہ ان کے والد کی نظر بند ہونے کی وجہ سے صرف طبیعت خراب ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی انتظامیہ نے کشمیر میں لاک ڈاؤن کر کے مقبوضہ وادی میں دہشت اور خوف کی فضاء قائم کر رکھی ہے اور سید علی گیلانی سمیت سینئر حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند یا گرفتار کر رکھا ہے۔
چند روز قبل اپنے گھر میں نظر بند سید علی گیلانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کشمیری اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کےلیے جدو جہد کر رہے ہیں جو کہ پاکستان کی صورت میں اُن کے سامنے موجود ہے، کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنا مستقبل بنانے کےلیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button