مرینہ خان نے شور مچا کر اپنی فلم کا معاوضہ حاصل کرلیا

فلم ’’یارا وے‘‘ کا معاوضہ نہ دیئے جانے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آواز بلند کرنے والی سینئر اداکارہ مرینہ خان کو آخر کار معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے، اداکارہ نے تصدیق کی کہ ان کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے معاوضہ نہ ملنے کی شکایت کیے جانے کے بعد پروڈکشن ہائوس نے انہیں تمام بقایات جات ادا کر دیئے ہیں۔ مرینہ خان نے یکم اگست کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ان کی آنے والی فلم یارا وے میں کام کرنے کا معاوضہ ادا کیے بغیر اسے ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جو کہ بہت ہی افسوس اور دکھ کی بات ہے۔

سینئر اداکارہ نے پروڈیوسرز کے لیے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے انہیں شرم کرنے کا کہا تھا اور لکھا تھا کہ اگر وہ فلم کی ٹیم پر معاوضہ فراہم نہ کرنے کا کیس دائر کر کے اسکی ریلیز موخر کروا سکتی ہیں۔ مرینہ خان نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے حق میں آواز اٹھائیں تاکہ پروڈیوسرز کو خیال آئے اور انہیں ان کا معاوضہ دیا جائے۔ان کی جانب سے پوسٹ کیے جانے کے بعد متعدد افراد نے ان کے حق کیلئے آواز اٹھائی تھی اور پروڈیوسرز کو سینئر اداکارہ کو جلد سے جلد معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اداکارہ اور لوگوں کی تنقید کے بعد ’یارا وے‘ کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر پروڈیوسرز نے وضاحتی بیان جاری کیا اور اداکارہ سے معافی بھی مانگی اور انہیں یقین دلایا کہ تفتیش کے بعد انہیں معاوضہ فراہم کردیا جائے گا۔

’یارا وے‘ فلم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ فلم کو ریلیز کرنے والی پروڈکشن کمپنی نے ایک اور کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا تھا اور جس کمپنی کی مدد سے فلم بنائی گئی اس کمپنی کی انتظامیہ کے درمیان ہی منصوبہ چھوڑ کر لاپتا ہوگئی ہے، جس سے روابط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق بھاگ جانے والی کمپنی کی انتظامیہ کو اداکاروں کی تمام ادائیگیاں دے دی تھیں مگر انہوں نے بعض اداکاروں کو معاوضہ نہیں دیا اور کمپنی فرار ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ فرار ہونے والی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تاہم اب مرینہ خان نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہیں اپنے تمام بقایا جات ادا کردیئے گئے ہیں، اداکارہ کے مطابق ان کے ساتھ معاہدہ کرنے والی پروڈکشن کمپنی تاحال فرار ہے مگر فلم کو پروڈیوس کرنے والی دوسری کمپنی نے ان کے ساتھ رابطہ کرکے انہیں تمام رقم ادا کر دی۔

مرینہ خان نے لکھا کہ انہیں گزشتہ دو سال سے رقم ادا نہیں کی جا رہی تھی اور تنگ ہوکر سوشل میڈیا پر پوسٹ رکھی اور ان کی ترکیب کام کرگئی اور انہیں تمام معاوضہ فراہم کردیا گیا۔

عمران نے مونس کو کرپٹ قرار دے کر وزیر بنانے سے انکار کیا

مرینہ خان نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کے لیے پوسٹس کیں اور پروڈکشن کمپنی نے ان کی فریاد سن کر انہیں معاوضہ فراہم کردیا۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اداکاروں کو بروقت معاوضے کی ادائیگی نہ کرنے والے پروڈیوسر کے لیے لکھا کہ اُمید ہے کہ اب وہ تمام فنکاروں کا احترام کریں گے۔ اداکارہ نے فنکاروں کے لیے بھی لکھا کہ وہ بروقت معاوضہ ادا کرنے والے پروڈیوسرز کا احترام کرکے ان کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں گے۔

مرینہ خان کی فلم یارا وے کو ستمبر میں ریلیز کیا جائے گا، یارا وے‘ میں سمیع خان اور جاوید شیخ بھی شامل ہیں جب کہ اس میں بھارتی اداکارہ پونم پانڈے کا بھی مختصر کردار ہے۔ فلم کے ذریعے اداکارہ علیزے نصیر اداکاری کا آغاز کرنے جا رہی ہیں اور وہ اس فلم کے پروڈیوسرز میں بھی شامل ہیں۔ یارا وے کی کہانی التھیا کوشل نے لکھی ہے جب کہ اس کے ڈائیلاگ پاکستانی لکھاری و صحافی مہوش اعجاز نے لکھے ہیں اور اس کی ہدایات منیش پور نے دی ہیں ۔ ’یارا وے‘ کی کہانی ٹرائی اینگل محبت کے گرد گھومتی ہے اوراس کی زیادہ تر شوٹنگ تھائی لینڈ اور دبئی سمیت دیگر مقامات پر کی گئی ہے۔

Related Articles

Back to top button