ممنوعہ فنڈنگ کیس میںPTIکو جواب کیلئے 2ہفتے کی مہلت

الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانےکے لیے تحریک انصاف کومزید 2 ہفتے کی مہلت دے دی۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

تحریک انصاف کی جانب سے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سماعت پر ہم نے 4 ہفتے کی مہلت مانگی تھی، پی ٹی آئی غیرملکی چیپٹرز سے معلومات مانگی ہے اسے موصول ہونے میں وقت لگےگا۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ دو ہفتے تو گزر گئے ہیں، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے ہی اس کیس کی سماعت 8 سال چلی تھی۔

پی ٹی آئی وکیل شاہ خاور کا کہنا تھا کہ معلومات بہت اہم ہیں، جو پاکستانی ڈونرز ہیں ان کے نائیکاپ اور دیگر دستاویزات منگوائی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو مزید 2 ہفتےکی مہلت دے دی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اپنے جواب پہلے جمع کرا دیں تاکہ اگلی سماعت پر دلائل شروع ہوسکیں۔

جس کے بعد کیس کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

Related Articles

Back to top button