قومی ویمن نیزہ بازی کی ٹیم انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے روانہ

پاکستان کی ویمن نیزہ بازی کی ٹیم انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے اردن روانہ ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواتین نیزہ بازی کی 3 رکنی ٹیم انٹرنیشنل چمپئن شپ میں حصہ کے لیے اردن روانہ ہوگئی۔

ایکویسٹرئین فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) سے جاری بیان کے مطابق قومی خواتین نیزہ بازی کی 3 رکنی ٹیم بین الاقوامی ٹینٹ پیگنگ چمپئن شپ میں شرکت کے لیے اردن روانہ ہوگئی ہے۔

جاری بیان کے مطابق ٹینٹ پیگنگ چمپئن شپ میں نیزہ بازی کے مقابلے 22 سے 24 ستمبر تک اردن کے شہر پیڑا میں منعقد ہوں گے۔

قومی نیزہ بازی کی ٹیم کے کوچ ہارون نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کی قومی ٹیم اوپن ٹرائل کے ذریعے منتخب ہوئی ہے اور میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کھلاڑیوں میں کنزیٰ فرحت، عائشہ احمد خان اور زویہ میر شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صدر ای ایف پی صاحبزادہ سلطان نے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم پہلی بار کسی بڑے انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کر رہی ہے، ٹیم کی تیاری اچھی ہے اور پرامید ہوں کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

Related Articles

Back to top button