وادی کشمیر میں بھارتی بربریت جاری،مزید 5 نوجوان شہید

جنت نظیر وادی کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے اور قابض فوج نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 5 کشمیری نوجوان شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورکے مطابق وادی کے ضلع شوپیاں کے علاقے درچ میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جب کہ بزرگوں اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر پر فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ شوپیاں کے ہی ایک اور علاقے ’’مولو‘‘ میں فائرنگ کرکے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پانچویں کشمیری نوجوان کی شہادت کا واقعہ ضلع پلوامہ میں پیش آیا جہاں ایک سیکیورٹی پوسٹ پر تعینات بھارتی فوج نے آصف احمد نامی نوجوان کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔ نوجوان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک ہفتے میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ 28 ستمبر کو کلگام میں 3 اور 30 ستمبر کو بارہ مولا میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا۔

Related Articles

Back to top button