’’اب واٹس ایپ سے ڈیٹا منتقل کرنا ہوا آسان‘‘

دنیا کی سب سے بڑی پیغام رسانی ایپ ’’واٹس ایپ‘‘ سے ڈیٹا منتقل کرنے کی سہولت متعارف کروا دی گئی ہے، اب صارفین بغیر کسی مشکل واٹس ایپ پر ڈیٹا ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔

دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر ڈیٹا یا چیٹ ٹرانسفر کا اب تک کا سب سے تیز اور آسان فیچر پیش کردیا گیا، جس سے صارفین انتہائی کم وقت میں ڈیٹا ایک سے دوسرے فون میں منتقل کر سکیں گے۔

اگرچہ اس وقت بھی واٹس ایپ پر ایک سے دوسرے فون میں ڈیٹا ٹرانسفر کرنا ممکن ہے، تاہم اب اس کا سب سے آسان طریقہ پیش کر دیا گیا، واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے اپنی فیس بک پوسٹ میں ایک سے دوسرے موبائل میں جلد سے جلد ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کے طریقے کی ویڈیو شیئر کی۔

علاوہ ازیں واٹس ایپ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بھی اس کی تصدیق کی گئی کہ ڈیٹا ٹرانسفر کا نیا فیچر پیش کر دیا گیا۔ نئے فیچر کے تحت کوئی بھی صارف نئے فون پر پرانے فون سے واٹس ایپ ڈیٹا کو وائی فائی اور کیو آر کوڈ اسکین کی مدد سے چند سیکنڈز میں ٹرانسفر کر سکے گا۔

فیچر کو استعمال کرنے کے لیے کسی بھی صارف کو پرانی ڈیوائس پر واٹس ایپ اوپن کر کے سیٹنگز میں جا کر چیٹ پر کلک کرنا ہوگا، جہاں چیٹ ٹرانسفر کا آپشن ہوگا۔

وہاں ٹرانسفر چیٹ کے آپشن پر کلک کرنے سے نئے فون سے کیو آر کوڈ کو پرانے فون سے کاپی کرنے سے واٹس ایپ کا تمام چیٹ ڈیٹا نئے فون میں ٹرانسفر ہوجائے گا تاہم اس نئے فیچر میں بھی یہ مشکل ہوگی کہ کوئی بھی اینڈرائیڈ موبائل صارف آئی او ایس کے فون پر ڈیٹا ٹرانسفر نہیں کر سکے گا۔

نئے فیچر کے تحت بھی اینڈرائیڈ صارفین اینڈرائیڈ جب کہ آئی او ایس صارفین آئی او ایس ڈیوائس پر ہی چیٹ کو منتقل کر سکیں گے۔

Related Articles

Back to top button