سلمان خان کا بجرنگی بھائی جان ٹو بنانے کا فیصلہ


بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان نے پاکستان اور بھارت کے حوالے سے بنائی گئی اپنی ہٹ فلم بجرنگی بھائی جان کا سیکوئل بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یاد رہے بجرنگی بھائی جان فلم 2015 میں ریلیز ہوئی تھی جسے پاکستان اور انڈیا دونوں میں یکساں مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔
سلمان خان حال ہی میں ریاض سیزن سے واپس آئے ہیں جس کے بعد انہوں نے ممبئی میں ہونے والے ایک ایونٹ میں بجرنگی بھائی جان ٹو بنانے کا اعلان کیا ہے۔
سلمان خان نے بجرنگی بھائی جان ٹو کا اعلان ممبئی میں ہونے والے آر آر ایونٹ میں عالیہ بھٹ، رام چرن اور دیگر اہم شخصیات کی موجودگی میں کیا۔ فلم کے رائٹر راجہ ماؤلی کے والد ویجیندرہ پرساد بھی سلمان خان کے ہمراہ اس موقع پر موجود تھے۔ بجرنگی بھائی جان کے مداحوں کو فلم کے سیکوئل کی خبر ملتے ہی سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر خوشی کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ کچھ صارفین فلم آنے سے قبل ہی باکس آفس کے تمام ریکارڈ ٹوٹنے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف احتشام رضا بجرنگی بھائی جان ٹو کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ ’میگا سٹار سلمان خان نے ممبئی میں ہونے والے پری ریلیز ایونٹ میں بجرنگی بھائی جان کے سیکوئل کا خود اعلان کیا ہے۔‘ انہوں نے اس فلم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بننے والے ٹرینڈز کے بارے میں لکھا ہے کہ ’انڈیا میں کل سے بجرنگی بھائی جان ٹو کا ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ انڈین سنیما میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلم دوبارہ آ رہی ہے۔‘ سوشل میڈیا صارف سنیہا راجپوت نے بجرنگی بھائی جان کے سیکوئل کے حوالے سے لکھا کہ ’باکس آفس کے تمام ریکارڈ ٹوٹیں گے۔‘ جہاں سوشل میڈیا صارف نے فلم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا وہیں کچھ صارفین نے بجرنگی بھائی جان ٹو میں پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے گانا گانے کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ ٹوئٹر صارف تنویر احمد لکھتے ہیں کہ ’ آپ خوش ہیں کیوں کہ بجرنگی بھائی جان ٹو کا اعلان ہوا ہے۔ مگر ہم اس لیے خوش ہیں کہ عاطف اسلم کا سلمان خان کی جانب سے ایک اور گانا کنفرم ہوگیا ہے۔‘

Related Articles

Back to top button