شرمین چنائے نے اپنا لکس سٹائل ایوارڈ کیوں واپس کر دیا؟

ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں سے خود کو منوانے والے معروف اداکار فیروز خان آجکل اپنی سابقہ اہلیہ پر تشدد کے الزامات کی وجہ سے تنقید کی زد میں ہیں۔ اسی تنازعے کی بنیاد پر معروف ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے نے فیروز خان کو لکس سٹائل ایوارڈز کے لیے نامزد کیے جانے پر بطور احتجاج اپنا لکس ایوارڈ ہی واپس کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ شرمین عبید چنائے آؤٹ آف دی باکس فلمیں بنانے کی وجہ سے معروف ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہمیشہ گھریلو تشدد، خواتین کو بااختیار بنانے اور دیگر سماجی مسائل پر اآواز اُٹھائی ہے۔

 

شرمین ماضی میں اپنے کام کی وجہ سے لکس سٹائل ایوارڈ سمیت کئی بین الاقوامی اعزازات حاصل کر چکی ہیں، شرمین چنائے کو 2012 میں لکس لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اعلان کیا ہے کہ وہ 2012 میں ملنے والے اس ایوارڈ کو واپس کر رہی ہیں۔ معروف ہدایتکارہ نے کہا کہ جب لکس سٹائل ایوارڈ میں خواتین پر گھریلو زیادتی اورتشدد کرنے والے مردوں کو نامزد کیا جائے تو وہ خاموش نہیں رہ سکتیں اس لئے وہ اپنا ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کر رہی ہیں۔

 

شرمین عبید چنائے کا یہ اعلان تب سامنے آیا جب لکس اسٹائل ایوارڈ 2022 نے بہترین اداکاروں کی فہرست میں دیگر اداکاروں کے ساتھ فیروز خان کا بھی شمار کیا، سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں کو شرمین چنائے کا یہ فیصلہ پسند آیا لیکن کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں اس میں منافقت نظر آ رہی ہے۔ واضح رہے کہ فیروز خان اور ان کی سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان کے درمیان ستمبر میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی، ان کے دو بچے ہیں۔

طلاق کے بعد فیروز خان نے بچوں کی حوالگی جب کہ ان کی سابق اہلیہ نے بچوں کے اخراجات کا کیس دائر کیا تھا اور ان کے دونوں کیسز کراچی کی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ دونوں کیسز کے دوران علیزے فاطمہ سلطان نے اکتوبر کے آخر میں ہونے والی سماعت کے دوران خود پر فیروز خان کے تشدد کی تصاویر اور میڈیکل رپورٹ سمیت پولیس رپورٹ بھی جمع کروائی تھی، جس کے بعد ان کی تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

Related Articles

Back to top button