حمیمہ ملک اور عروہ حسین کے ڈانسز کی ویڈیوز وائرل

’لکس سٹائل ایوارڈز‘ کی 21 ویں سالانہ تقریب میں شوبز شخصیات اور خصوصی طور پر عروہ حسین اور حمیمہ ملک کی جانب سے کی گئی ڈانس پرفارمنس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ ’لکس سٹائل ایوارڈز‘ کی تقریب 24 اور 25 نومبر کو لاہور میں منعقد ہوئی تھی، جس میں ٹیلی وژن، فیشن، فلم اور میوزک کے شعبوں کی 26 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے۔ اگرچہ تقریب میں حمیمہ ملک اور عروہ حسین کو ایوارڈز نہیں ملے، تاہم انہوں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے لوگوں کو محظوظ کیا۔

 

دونوں اداکاراؤں کی ڈانس پرفارمنس کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں، علاوہ ازیں تقریب کی دوسری ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں، جن پر لوگوں نے طرح طرح کے تبصرے بھی کیے۔ تقریب میں عروہ حسین نے معروف مرحوم گلوکارہ نازیہ حسین کے مقبول ترین گانے ’ڈسکو دیوانے‘ پر بھی ڈانس کیا، جس میں اداکار عثمان خالد بٹ نے ان کا ساتھ دیا۔ اس کے علاوہ بھی عروہ حسین نے دوسرے ڈسکو گانوں پر پرفارمنس کی اور لوگوں نے ان کی ڈانس کی تعریفیں کیں۔ اداکارہ حمیمہ ملک نے اپنی نئی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ سے متاثر انداز میں پنجابی گانوں پر دیسی لباس پہن کر بھی پرفارمنس کی اور ان کی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں۔

 

ایوارڈز تقریب میں گلوکار عاصم اظہر اور ظفر علی نے بھی ’الے ماروئڑا‘ پر پرفارمنس کی۔ لکس سٹائل ایوارڈز کی تقریب کے دوران اداکار فہد مصطفیٰ کی جانب سے سینئر اداکار جان ریمبو کے پاؤں چھونے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔

Related Articles

Back to top button