اقرا عزیز کو فیروز خان کے ساتھ کام کرنے میں مسئلہ کیوں ہے؟

معروف اداکارہ اقرا عزیز نے اپنی سابقہ اہلیہ پر تشدد کے الزامات کا سامنا کرنے والے مشہور ٹی وی اداکار فیروز خان  کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا یے کہ میں اپنی نظروں میں گرنا نہیں چاہتی۔ خدا اور محبت 3 کے ساتھی اداکار کے ساتھ مستقبل میں کسی منصوبے میں کام نہ کرنے کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے اقرا نے کہا ہے کہ فیروز خان پر اپنی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان پر تشدد کے الزامات کے بعد وہ ان کے ساتھ کام کرنے میں پُرسکون محسوس نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویسے بھی یہ ان کا جمہوری حق ہے کہ اگر وہ کسی اداکار کے ساتھ کام نہ کرنا چاہیں تو انہیں مجبور نہیں کیا جا سکتا۔

اقرا عزیز نے ایک ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ ذاتی نوعیت کا فیصلہ ہے، میں نے وہی کیا جو میرے خیال میں ٹھیک تھا اور جو میں کرنا چاہتی تھی، یہ میرے لیے بہتر چوائس تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا، میں فیروز کے ساتھ کام کرتے ہوئے اچھا محسوس نہیں کر رہی تھی لہٰذا میں نے منع کر دیا، میں ایکشن لینے کے لیے کسی چیز کے ثابت ہونے کا انتظار نہیں کر رہی تھی کیونکہ اس سے قبل ہم ایک ساتھ کام کر چکے ہیں لیکن میں ان کے ساتھ کام کرکے آسودہ محسوس نہیں کر رہی تھی اس لیے منع کر دیا۔ شو کے میزبان نے خلاصہ کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کا نکتہ یہ ہے کہ ہر اداکار کو یہ کہنے کی آزادی ہونی چاہیے کہ آیا وہ کسی کے ساتھ کام کرنے میں تکلیف محسوس کرتا ہے تو اسے منع کر دینا چاہیے، جس پر اقرا عزیز نے کہا کہ بالکل! میرا خیال ہے کہ ہم ایسے دور میں رہ رہے ہیں کہ کوئی خاتون ہو یا مرد، جو شوبز یا کہیں اور اپنی پسند کے شعبے میں کام کر رہا ہے، اسے ہاں یا ناں کہنے کا حق ہونا چاہیے کہ وہ اپنے آرام کو دیکھتے ہوئے جس کے ساتھ مرضی کام کرنا چاہیں۔

میزبان نے اقرا سے سوال پوچھا کہ اگر عدالت میں فیروز خان پر تشدد کے الزامات غلط ثابت ہو جاتے ہیں تو کیا انکا فیصلہ تبدیل ہو جائے گا؟ جواب میں اقرا عزیز نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہمیں تب تک انتظار کرنا چاہیے، اس سے پہلے ہم کیسے فیصلہ کر سکتے ہیں، صرف مفروضوں کی بنیاد پر ہم وقت سے پہلے فیصلہ نہیں کرسکتے۔ جب میزبان نے معاملے کو مزید کریدنے کی کوشش کی تو اقرا عزیز نے انہیں روک دیا اور کہا کہ اس معاملے کی مزید گہرائی میں نہ جائیں۔

یاد رہے کہ علیزے سلطان نے کراچی کی عدالت میں تصاویر جمع کروائی تھیں، جس میں ان کے چہرے، بازوں اور کمر کے قریب زخموں کے نشانات پائے گئے تھے، جن کی تصدیق جمع کروائی گئی میڈیکو لیگل کی رپورٹ سے بھی ہوئی تھی۔اس کے بعد اقرا عزیز نے علیزے سلطان کی حمایت کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ وہ فیروز کے ساتھ پروجیکٹ نہیں کریں گی۔

Related Articles

Back to top button