کیا ناجائز اولاد کا کیس اب عمران کے گلے پڑنے والا ہے؟

برطانیہ میں جمائمہ خان کی زیر کفالت عمران خان کی بیٹی ٹیری وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں اولاد ڈیکلئیر نہ کرنے پر آرٹیکل 62 کے تحت سابق وزیراعظم کی نااہلی کا کیس سنجیدہ نوعیت اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے۔ درخواست گزار محمد ساجد کے مطابق چونکہ سیتا وائٹ کے بطن سے پیدا ہونے والی بیٹی کو عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا اس لیے انہیں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔

معروف صحافی مطیع اللہ جان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم نے عمران خان کی جانب سے 2004 میں لاہور سے امریکی عدالت کو بھجوایا گیا تصدیق شدہ حلف نامہ امریکہ سے منگوایا ہے، جسکی امریکی سفارت خانے سے بھی تصدیق کروائی گئی ہے، اب عمران خان کو یا تو اپنی ناجائز بیٹی ٹیری وائٹ کو تسلیم کرنا ہوگا یا پھر اس کی سرپرستی سے انکار کرنا ہوگا۔ وکیل نے کہا کہ عمران خان نے اب تک الیکشن کمیشن میں جتنے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان میں کسی میں بھی ٹیری وائٹ کا ذکر نہیں ہے، چنانچہ اپنی بیٹی کو چھپانے اور کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنا پر ان کو نااہل کیا جانا چاہئے۔ وکیل کے مطابق ہم نے جج سے اپیل کی ہے کہ وہ بتائیں کہ اس کیس کی شنوائی کیا لاہور ہائیکورٹ میں ہوگی یا اسے الیکشن کمیشن میں لے جایا جائے، تاہم جج نے بتایا کہ وہ پہلے فیصل واوڈا کی نا اہلی کا کیس سن چکے ہیں، لہٰذا اس کیس کے مکمل جائزے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

لیکن دوسری جانب عمران خان کی نااہلی کا کیس دائر کرنے والے وکیل کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا اور عمران کے کیسز مختلف ہیں، ٹیریان کا کیس بالکل ہی مختلف ہے، اس میں ہمارے پاس تصدیقی شواہد موجود ہیں جس سے ملزم کا جرم صاف ظاہر ہے۔اس حوالے سے مطیع اللہ جان نے سوال کیا کہ اگر کوئی سیاستدان اپنی اولاد کو چھپاتا ہے تو اس کی کیا سزا ہے؟ اس پر وکیل نے جواب دیا کہ اس کی سزا 62 ون ایف کے تحت نااہلی بنتی ہے جوکہ تاحیات نااہلی بھی ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف ٹیری وائٹ کیس کی بنیاد پر نا اہلی کی پٹیشن سب سے پہلے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے دائر کی تھی جو کہ ابھی تک زیر التوا ہے۔ ٹیریان اس وقت عمران کے دونوں بیٹوں کے ہمراہ جمائما کے زیر پرورش ہیں۔ ٹیریان عمران خان کی سابقہ گرل فرینڈ سیتا وائٹ کی اولاد ہیں جن کے انتقال کے بعد عمران کی خواہش پر جمائما نے گود لے لیا تھا۔

ٹیریان وائٹ کے بارے میں سیتا وائٹ کا دعویٰ تھا کو وہ عمران خان کی اولاد ہے لیکن عمران خان نے ہمیشہ اس سے انکار کیا۔ ماضی میں پاکستانی اخبارات نے اس بارے میں برطانوی اخبار مرر اور امریکی اخبار دی نیو یارک پوسٹ کی رپورٹیں چلائی تھیں جن کے مطابق سیتا وائٹ عمران کی گرل فرینڈ تھیں اور ان دونوں کی شادی کے بغیر محبت کے نتیجے میں ٹیریان پیدا ہوئی۔ سیتا وائٹ کی موت کیلیفورنیا میں سانتا مونیکا کی یوگا کلاس کے دوران ہوئی جو بیورلے ہلز میں ان کے شاندار مکان کے قریب میں واقع ہے۔ ان کی موت سے صرف چند ہفتے پہلے ہی انہیں آٹھ سال کی قانونی لڑائی کے بعد اپنے مرحوم باپ کی جائیداد سے ایک تصفیہ کے ذریعے تین ملین ڈالر کی رقم ملی تھی۔

سیتاوائٹ ایک یوگا اسٹوڈیو میں قدیم ورزشوں اور روحانی مشقوں کی تعلیم دیا کرتی تھیں۔ کہا جاتا ہے کہ ٹیریان عمران سے بہت ذیادہ مشابہت رکھتی ہے۔ سیتا وائٹ نے ٹیریان کو عمران کی اولاد ثابت کرنے کے لیے لاس اینجلس کی ایک عدالت میں دعوی ٰدائر کیا تھا جس کا فیصلہ 1997 میں آ گیا تھا اور امریکی جج نے عمران کو لڑکی کا باپ قرار دیا تھا۔امریکی عدالت کے فیصلے اور ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ کے مطابق عمران خان ٹیریان کے والد ہیں۔

برطانوی اخبار ڈیلی مرر کی سال 2018 کی ایک رپورٹ کے مطابق عمران خان نے ٹیریان وائٹ کو اس لئے اپنی بیٹی تسلیم نہیں کیا کیونکہ پاکستان ایک قدامت پسند ملک ہے جہاں شادی کے بغیر پیدا ہونے والے بچوں کو نہ تو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور نہ ہی خاندان میں اسے تسلیم کیا جاتا ہے۔ اخبار نے مزید لکھا کہ ٹیریان وائٹ دراصل عمران کی جمائما سے شادی سے تین سال قبل پیدا ہوئی اور اب تک جمائما کے زیر کفالت ہے۔ اسکی والدہ سیتا وائٹ کی وفات کے بعد جمائمہ گولڈ سمتھ نے ٹیریان وائٹ کو گود لے لیا تھا۔

ٹیریان کی والدہ سیتا وائٹ نے اپنی زندگی میں بیٹی کی پیدائش کے بعد ہر ممکن کوشش کی کہ کسی طرح عمران خان اس کی بیٹی کو اپنا لیں تاہم عمران خان کے ٹیرن کو بیٹی ماننے سے انکار پر سیتا وائٹ نے اس حوالے سے عدالت میں مقدمہ بھی دائر کیااور 7 سال بعد 2004ء میں امریکی عدالت نے اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو ٹیریان کا باپ قرار دے دیا۔ اس مقدمہ کا فیصلہ آنے کے کچھ ہی دنوں بعد سیتا کی موت واقع ہو گئی۔ ٹیریان لندن میں جمائما کے ساتھ رہائش پذیر ہوتی ہے۔ ڈیلی مرر کے مطابق عمران کی سابقہ اہلیہ جمائما اور ان کے بیٹے قاسم اور سلیمان کے ساتھ ٹیرن ایک فیملی کی طرح خوش و خرم زندگی گزار رہی ہے اور انہوں نے انسٹا گرام پر اپنا ایک گروپ فوٹو بھی حال ہی میں شیئر کیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے سوتیلے بھائیوں کے ساتھ میکسیکو میں موجود ہیں۔ اخبار لکھتا ہے کہ عمران تو آج بھی ٹیریان کو اپنی بیٹی تسلیم نہیں کرتے تاہم جمائما کھلے عام اسے اپنی سوتیلی بیٹی کہتی ہیں۔

Related Articles

Back to top button