عمران نے جنرل باجوہ کو Hulk نما بھدا شخص قرار دے دیا

اقتدار سے برطرفی کے بعد کبھی جنرل قمر باجوہ کو غدار اور جانور قرار دینے اور کبھی انکے لیے ایکسٹینشن کی تجویز دینے والے عمران خان نے اب سابقہ آرمی چیف کو بڑی جسامت والا ہلک HULK جیسا بھدا شخص قرار دے دیا ہے۔ یاد رہے کہ ہلک بالی وڈ کی فکشن فلموں کا ایک مشہور کردار ہے جو اپنی بھاری بھر کم جسامت اور طاقت کی وجہ سے اپنے مخالف پر حاوی ہو جاتا ہے۔ ہلک ہالی وڈ کی مشہور فلموں آئرن مین، دی اوینجرز اور کیپٹن مارول میں سائنس فکشن سپر ہیرو کا کردار ادا کر چکا ہے۔ جنرل باجوہ کو ہلک سے تشبیہ دے کر ولن ثابت کرنے والے عمران خان شاید نہیں جانتے کہ یہ ایک سپر ہیرو کا کردار ہے۔ ماضی قریب میں عمران نے آئی ایس آئی کے ڈی جی کائونٹر انٹیلی جنس میجر جنرل فیصل نصیر کو بھی ولن ثابت کرنے کے لیے ڈرٹی ہیری سے تشبیہ دی تھی جو کہ ہالی وڈ کی فلموں کا ایک کردار ہے۔ لیکن چونکہ عمران پڑھائی لکھائی پر یقین نہیں رکھتے اس لئے انہیں شاید معلوم نہیں تھا کہ ڈرٹی ہیری بھی ولن نہیں بلکہ ایک ایسا ہیرو ٹائپ پولیس میں ہے جو ظلم اور ناانصافی کے خلاف آخری حد تک جاتا ہے۔

 

سلمان درانی نامی ایک یو ٹیوبر نے سابق وزیراعظم کی چند صحافیوں اور یوٹیوبرز سے ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو "حاجی صاحب” پکارتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا تھا تاہم فوجی اسٹیبلشمنٹ نے "رجیم چینج” کے نام پر  میری حکومت گرا دی۔ عمران نے کہا کہ آج ملکی معیشت کا حال دیکھیں اور حاجی صاحب سے پوچھیں کہ انہوں نے  ملک کو کس نہج پر لاکھڑا کیا ہے۔ اس موقع پر صحافی نجم الحسن باجوہ نے عمران خان کو بتایا کہ جب وزیرآباد میں ان پر حملہ ہوا تو تب کچھ کلومیٹر دور گجرانوالہ کے راہوالی کینٹ میں جنرل قمر باجوہ موجود تھے۔ اس پر عمران نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ وہاں موجود تھے تو میرے زخمی ہونے کے بعد مجھے ہسپتال پہنچانے کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر بھجوا سکتے تھے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

 

جب عمران سے اینکر منصور علی خان کے اس دعوے بارے سوال کیا گیا کہ وہ تو جنرل باجوہ کو باس کہہ کر پکارتے تھے، تو سابق وزیر اعظم نے بات گھماتے ہوئے جواب دیا کہ اگر جنرل باجوہ کے قریبی ساتھیوں سے پوچھا جائے کہ وہ کیسے انسان ہیں تو وہ بتائیں گے کہ موصوف ہر بات پر جھوٹ کا سہارا لیتے تھے۔اس دوران ایک اور سوال کے جواب میں عمران نے جنرل باجوہ کو "ہلک” قرار دے دیا۔ یہ انگریزی فلم "دی ہلک” کا مرکزی کردار ہے جو سبز رنگ کی جسامت والا، غیرمعمولی طور پر دیوقامت، غصیلا اور طاقتور انسان ہے۔ اس موقع پر انہوں نے جنرل باجوہ کو  "حاجی صاحب” کے علاوہ اسلامی بھائی کا بھی خطاب دیا۔ عمران خان نے کہا کہ ان جرنیلوں کا نیوٹرل ہونا بہت ضروری ہے اور اگر یہ نیوٹرل ہو چکے ہیں تو ان کو چاہیے کہ فوری الیکشن کروائیں۔اسمبلیاں تحلیل کرنے بارے  سوال کئے جانے پر عمران نے کہا کہ ہم ابھی مشاورت کر رہے ہیں۔ صرف قاف لیگ کی جانب سے ہی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے کچھ ممبران صوبائی اسمبلی کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے جس پر انہیں اعتماد میں لینے کی کوشش جارہی ہے، تاہم اسی ماہ میں اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی۔

Related Articles

Back to top button