پی ٹی آئی آج بھی سیاسی انتقام کی منفی روش پر کاربند ہے

وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد اشرف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آج بھی بد ترین سیاسی انتقام کی اپنی منفی روش پر کاربند ہے۔

ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ساہیوال سے رُکن قومی اسمبلی محمد اشرف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، عمران خان کے کہنے پر اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی آج بھی بد ترین سیاسی انتقام کی اپنی منفی روش پر کاربند ہے، چار سال آپ یہ سب کرکے دیکھ چکے ہیں، سیاسی انتقام کا ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔

شہبازشریف  نے گرفتار رکن قومی اسمبلی محمد اشرف سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب، ایف آئی اے کی طرح اب اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، سیاسی انتقام سے مخالفین کو دھمکانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف کو گرفتار کرلیا،ساہیوال کے حلقہ 161 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف پر 157 ایکڑ 1 کنال 16 مرلے سرکاری اراضی جعلسازی کے ذریعے محمد سلیم پٹواری اور ریاست علی گرداور سے مل کر جعلی گرداوری بنا کر اپنے قبضے میں رکھنے کا الزام ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے الزام ثابت ہونے پر لیگی رکن قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  ملزم نے ایک فرضی شخص شریف احمد ہاشمی کو جعلی الاٹی ظاہر کرکے سرکاری رقبے پر قبضہ کیا ہوا تھا۔اینٹی کرپشن پنجاب نے انکوائری کرکے مقدمہ نمبر 18/22 درج کرلیا۔

Related Articles

Back to top button