سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس میں 743پوائنٹس کا اضافہ

حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان جلد ہی متوقع ڈیل کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا۔

بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 743.27 پوائنٹس یا 1.78 فیصد اضافے کے ساتھ 42 ہزار 466 پوائنٹس پر بند ہوا جب کہ سہ پہر 3 بج کر 28 منٹ تک یہ 844.43 پوائنٹس یا 2.02فیصد پر پہنچ گیا تھا۔

ڈائریکٹر عارف حبیب کارپوریشن احسن محنتی نے کہا کہ آئی ایم ایف ڈیل اور مضبوط کارپوریٹ نتائج سے قبل روپے کی قدر میں اضافے کے باعث اسٹاک میں تیزی دیکھی گئی، آئی ایم ایف پروگرام کے بحال ہونے کے بعد گردشی قرضوں کے مسائل کے حل ہونے اور قرضوں کی ادائیگیوں کی تنظیم نو کے بعد کمپنیوں کو ادائیگیوں کی توقعات بھی تیزی کے رجحان کا باعث بنیں۔

ابا علی حبیب سیکیورٹیز کے ریسرچ ہیڈ سلمان نقوی نے کہا کہ انڈیکس میں اضافے کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف کے ساتھ متوقع معاہدہ ہے، ہم بہتری دیکھ رہے ہیں، کہا کہ سرمایہ کار توقع کر رہے تھے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے ملک کے کچھ معاشی مسائل حل ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ 26 جنوری کو ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای کیپ) کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کی مقررہ حد (کیپ) ہٹانے کے ایک روز بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر میں ریکارڈ اضافہ ہوا تھا، جو 3 فروری کو 276 روپے 58 پیسے کی بلند ترین سطح پر آگیا تھا۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے بعد 27 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر 16 فیصد مزید کم ہو کر 3 اب 9 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگئے جن سے بمشکل صرف 3 ہفتوں سے بھی کم کی درآمدات کی ادائیگیاں ہو سکتی ہیں۔

Related Articles

Back to top button