پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں الیکشن کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کریگی

پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں الیکشن کے حوالے سے عدالت اعظمیٰ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی  روشنی میں کل رٹ دائرکی جائےگی، عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کرنے کیلئے تحریک انصاف نے ہدایات جاری کردی ہیں،  عدالت سے درخواست کی جائے گی کہ جس طرح پنجاب کیلئے الیکشن کی تاریخ دی اسی طرح خیبرپختونخوا میں بھی تاریخ دی جائے۔

گوہرعلی نے کہا کہ آئین کے تحت 90 دن کے اندر انتخابات ضروری ہیں، عدالت عظمیٰ نے انتخابات کی تاریخ دی جس پر ہائی کورٹ نے درخواست نمٹادی تھی۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے مشاورتی اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے ، اجلاس میں پی ٹی آئی کی مرکزی لیڈر شپ شرکت کرے گی ، اجلاس میں آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا ، اجلاس میں انتخابی مہم سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئیں گے ۔

خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کے پی میں انتخابات کیلئے گورنر کی طرف سے عدالت میں نمائندگی نہیں کی گئی، کے پی کی حد تک معاملہ زیر سماعت رہےگا، کے پی میں الیکشن کی تاریخ کیلئے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے، کے پی میں انتخابات کیلئے درخواست گزار عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

 

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گرفتار کر لیا گیا

Related Articles

Back to top button