لاہور ہائیکورٹ کا 7 دن کے اندر چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کرانے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے منیجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)  کو 15 دن کے اندر بورڈ آف گورنرز کا نوٹیفکیشن جاری کر کے چیئرمین پی سی بی کا الیکشن ایک ہفتے میں کرانے کی ہدایت کردی۔

گزشتہ روز پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ پنڈی بینچ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ منیجمنٹ کمیٹی پی سی بی امور چلانے اور ٹاسک پورا کرنے کی مجاز ہے،  لہٰذا بورڈ آف گورنرز نوٹیفائی کرنے کے بعد 7 دن کے اندر چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کرایا جائے۔

پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے خلاف درخواست راولپنڈی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نوید عباسی نے دائر کی تھی۔

نوید عباسی اپنے وکیل ایڈووکیٹ سعید یوسف خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بورڈ آف گورنرز میں قائد اعظم ٹرافی کی ٹاپ چار ٹیموں کو شامل کیا جاتا ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

پی سی بی کے وکیل امتیاز علی صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے 22 جون کو نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا تھا۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ وفاقی حکومت کو منیجمنٹ کمیٹی کی ازسرِ نو تشکیل اور ہیئت تبدیل کرنے کا اختیار ہے،5 جولائی 2023 کا دوسری منیجمنٹ کمیٹی کی تقرری کا نوٹیفکیشن کسی طرح غیر قانونی نہیں۔

عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے فیصلہ جاری کیا  کہ منیجمنٹ کمیٹی بورڈ آف گورنرز کو 15 دن میں نوٹیفائی کرکے7 دن کے اندر چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کرائے۔

عدالت نے مزید کہا کہ سیاسی مداخلت کے باعث ملک میں اسپورٹس اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے  5 جولائی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی منیجمنٹ کمیٹی تشکیل دی تھی۔

نئی کمیٹی میں ذکا اشرف کو پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔

Related Articles

Back to top button