پی ایس ایل کا چہرہ رانا فواد کہاں غائب ہو گیا؟

پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول ٹیم لاہور قلندر کے مالک اور پی ایس ایل کی رونق رانا فواد رواں سیزن میں منظر نامے سے بالکل غائب ہیں اور اسٹیڈیم یا میدان میں کہیں بھی نظر نہیں آ رہے حالانکہ اس برس تو ان کی ٹیم نے زبردست کارکردگی دکھائی ہے۔
گزشتہ سیزنز میں پی ایس ایل کے دوران بہت زیادہ سرگرم رہنے والے رانا فواد کی اس برس غیر موجودگی نے بہت سے سوالات کھڑے کردئیے ہیں۔ پی ایس ایل پاکستانیوں کےلیے غیر معمولی حیثیت رکھتا ہے، طویل عرصے تک دہشت گردی کے عفریت میں گھری قوم کے چہرے پر خوشیاں بکھیرنے والے ایونٹ کو مزید رونق بخشنے اور پی ایس ایل میں ’انٹرٹینمنٹ فیکٹر‘ کی حیثیت رکھنے والے لاہور قلندر کے مالک رانا فواد نجانے اس سیزن میں کہیں کھوگئے ہیں ۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں سے زیادہ ان کے فینز ہیں، اور ان کے بنا اس ایونٹ کی رونق ماند پڑچکی ہے، گراؤنڈ میں کھیل کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ ان کا رد عمل دینے اور جشن منانے کا منفرد انداز ہو یا پھر میچ ہار جانے کے بعد بھی لمبی مونچھون بھرا مسکراتا ہوا معصوم چہرہ اور اس کے بعد ان کی آواز میں قلندرز کا تھیم سونگ، شائقین ان کی ہر ادا کو توجہ سے دیکھتے ہیں۔
رانا فواد کی مقبولیت کا اندازہ سوشل میڈیا پر ہونے والے حالیہ بحث مباحثے اور ان کے پرستاروں کی تعداد سے لگایا جا سکتا ہے۔ وہ انہیں ڈھونڈ رہے ہیں۔ چند ایک نے ٹوئٹر پر ان سے پاکستان آ کر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کی درخواست بھی کی ہے، حالانکہ ٹوئٹر پر ان کے نام سے منسوب کئی اکاؤنٹس میں سے کوئی بھی تصدیق شدہ نہیں ہے۔
رواں برس پاکستان سپر لیگ کے پاکستان آنے کے ساتھ توقع کی جا رہی تھی کہ وہ بھی اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے میدان میں نظر آئیں گے تاہم تاحال ایسا نہیں ہو پایا ہے۔ تاہم فواد رانا کی عدم موجودگی میں لاہور قلندرز کے انتظامی امور چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا چلا رہے ہیں۔ رانا فواد کی غیر موجودگی کے حوالے سے عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ’فواد اپنی بیرون ملک مصروفیات کی وجہ سے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں پاکستان نہیں آئے۔ ان کو کاروباری مصروفیات ہیں اور وہ دیگر منصوبوں میں مصروفیت کی وجہ سے قطر میں موجود ہیں۔‘عاطف نے مزید کہا کہ فواد پاکستان میں رہتے ہی نہیں ہیں اور وہ قطر میں ہی رہائش رکھتے ہیں، اس برس دیگر پراجیکٹس میں مصروفیت کے باعث وہ پی ایس ایل کے میچز کے دوران گراؤنڈ میں نظر نہیں آئے۔‘ عاطف نے کہا کہ ’لاہور قلندرز کی کارکردگی بہتر ہو یا نہ ہو فواد ہمیشہ خوش ہی رہتے ہیں ان کی طرف سے اب بھی ٹیم کےلیے نیک تمنائیں اور دعائیں ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ رانا فواد قطر میں قالکو نامی لبریکینٹس بنانے والی کمپنی میں مینیجنگ ڈائیریکٹر کے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ لاہور قلندرز کی ویب سائٹ کے مطابق قالکو ہی لاہور قلندرز فرنچائز کی مالک ہے اور ویب سائٹ کے مطابق رانا فواد لاہور قلندرز کے چیئرمین ہیں۔ فواد کے قریبی لوگوں کے مطابق فواد رانا کے پی ایس ایل کے موقع پر پاکستان میں نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ انھیں کرکٹ کے بجائے کمپنی کے معاملات پر توجہ دینے کا کہا گیا تھا۔
فواد رانا کی عدم موجودگی میں لاہور قلندرز کے انتظامی امور چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا چلا رہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی زیادہ تر انتظامی اور دیگر معاملات کو عاطف رانا ہی دیکھتے تھے جبکہ فواد فرنچائز کے چہرے کے طور پر سامنے تھے۔ اس سوال پر کہ کیا واقعتاً رانا فواد کے اس مرتبہ پی ایس ایل میں نظر نہ آنے کی وجہ یہ تھی کہ ان کو کرکٹ کے بجائے کام پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی تھی، تو لاہور قلندرز کے عاطف کا کہنا تھا کہ ’ایسا کچھ بھی نہیں ہے، انہیں کسی نے کوئی ہدایت یا تجویز نہیں دی۔ تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ اگر لاہور قلندرز فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اگلے مرحلے تک پہنچتے ہیں تو کیا فواد ایک مرتبہ پھر سٹیڈیم میں نظر آئیں گے؟۔
یاد رہے کہ لاہور قلندر کے مرد قلندر فواد رانا کی پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کےلیے ناقابل فراموش خدمات ہیں، لاہور قلندرز کا پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام اور اس سے نکلنے والے کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور حارث رؤف پاکستان کی ٹیم میں جگہ بنا چکے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button