منیب بٹ کے ساتھ کیرئیر کے آغاز پر کس کس نے زیادتی کی؟

اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز میں آنے کے لیے جب وہ ایک بار آڈیشن دینے گئے تو انہیں کرسی سے اٹھ کر فرش پر بیٹھنے کا کہا گیا جب کہ انہیں پینے کا پانی تک نہ دیا گیا۔

اداکار منیب بٹ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ایک بار جب وہ آڈیشن دینے گئے تو وہاں کام کرنے والے ایک ملازم نے انہیں کرسی سے اٹھنے کا کہا۔منیب بٹ کے مطابق انہیں مذکورہ شخص نے کہا کہ وہ کرسی اداکاروں کے بیٹھنے کے لیے ہے، اس لیے آپ وہاں سے اٹھ کر فرش پر بیٹھ جائیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ کرسی سے اٹھ کر سخت گرمی کے باوجود فرش پر بیٹھ گئے اور انہوں نے کوئی رد عمل دینا مناسب نہیں سمجھا۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے اسی شخص سے پینے کے لیے پانی مانگا تو انہوں نے پانی دینے سے بھی انکار کردیا۔

منیب بٹ کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص ہر کسی کو پانی پلا رہا تھا لیکن جب انہوں نے ان سے پینے کے پانی مانگا تو اس نے انہیں جواب دیا کہ یہاں صرف اداکاروں کو پینے کے لیے پانی ملتا ہے۔اداکار نے انکشاف کیا کہ انہیں دوسروں کو پانی پلانے والے شخص نے جواب دیا کہ اگر انہیں پانی پینا ہے تو باہر ایک کولر پڑا ہوا ہے، وہاں سے جاکر پانی پئیں۔ان کے مطابق پینے کے لیے پانی نہ ملنے کے بعد وہ وہاں سے اٹھ کر چلے آئے اور انہوں نے اس دن اپنے لیے بہت بے عزتی محسوس کی اور ان کا دل بھی ٹوٹ گیا۔

منیب بٹ نے مزید کہا کہ لیکن انہوں نے اس وقت ہی سوچا کہ ایک دن آئے گا جب ہر کوئی ان کی بھی عزت کرے گا اور آج ہر کوئی انہیں پہچانتا ہے اور عزت کرتا ہے۔اگرچہ منیب بٹ نے دعویٰ کیا کہ انہیں کرسی سے اٹھ کر فرش پر بیٹھنے کا کہا گیا اور انہیں پینے کے لیے پانی تک نہ دیا گیا لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے ایسا سلوک کس پروڈکشن ہاؤس نے یا کس پروڈیوسر اور ہدایت کار نے کیا؟

اداکار منیب بٹ کا مزید کہنا تھا کہ اداکارہ ایمن خان سے شادی کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے، وہ ایمن سے گھر کے خرچے کے پیسے نہیں لیتے کیونکہ ایمن ان کے لیے ’ملکہ‘ ہیں۔منیب بٹ نے کہا کہ اداکارہ ایمن خان سے شادی کے بعد انہوں نے اپنی شخصیت میں ’360 ڈگری‘ تبدیلی پیدا کی ہے، شادی سے پہلے ان کی شخصیت بالکل مختلف تھی۔اداکار نے کہا کہ انہوں نے شادی کے بعد اپنی پوری زندگی تبدیل کردی، منیب بٹ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ باہر جانا ختم کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد اپنے آپ کو تبدیل کرنا ہوتا ہے، جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ وہ جیسے ہیں انہیں ویسا ہی پسند کیا جائے تو یہ سب فلمی دنیا میں ہوتا ہے۔

منیب بٹ نے کہا کہ وہ شادی سے قبل چائنیز کھانا نہیں کھاتے تھے، ایمن خان سے شادی کے بعد انہوں نے چائنیز کھانے کھانا شروع کیے کیونکہ ایمن کو پسند ہے۔اداکار نے گھر کے خرچوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی بھی ایمن سے پیسے نہیں لیے۔منیب بٹ نے یہ بھی کہا کہ ’ایمن اور میری دونوں بیٹیاں میری ذمہ داریاں ہیں، مجھے ان کی خرچے پورے کرنے ہیں، میں ان کی ذمہ داری نہیں ہوں۔‘اداکار نے کہا کہ انہیں اس بات سے کوئی اختلاف نہیں کہ دو میاں بیوی ایک ساتھ کما کر گھر کا خرچہ پورا کریں لیکن ہر گھر کا اپنا سیٹ اپ ہوتا ہے۔

منیب بٹ کا کہنا تھا کہ ان کی بیوی ان کے لیے ’ملکہ‘ ہیں، گھر میں بیٹھیں اور آرام کریں، باہر سے جو چاہیے اس کی ذمہ داری میری ہے۔ اداکار نے کہا کہ اگر ان کی اہلیہ باہر کام کرنا چاہتی ہے تب بھی انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

Related Articles

Back to top button