آئی کیوب قمر چاند کے مدار میں داخل

ترجمان سپارکو کے مطابق خلا میں بھیجا گیا پاکستانی آئی کیوب قمر چاند کے مدار میں داخل ہوگیا، سیٹلائٹ آئی کیوب قمر 16 مئی کو پہلی تصویر زمین پر بھیجے گا۔

چین کے تعاون سے پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں اہم سنگ میل عبور کرلیا، خلائی مشن ’چینگ ای 6‘ کے ساتھ پاکستان کا سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ چاند کے مدار میں داخل ہوگیا۔ مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے مدار میں گردش کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق سیٹلائٹ کے سسٹمز کو مدار میں ٹیسٹ کرنے میں ایک ہفتے کا وقت لگے گا، آئی کیوب قمر کے کنٹرولرز، سب سٹم اور پروٹو کولز کا مدار میں ٹیسٹ شروع ہوگیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے چین کے خلائی مشن ’چینگ ای 6‘ کے ساتھ پاکستان کا سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ چاند کے گرد چکر لگانے کےلیے روانہ کیا تھا۔ مصنوعی سیارہ چین کے شہر ہینان کے وینچینگ خلائی سینٹر سے روانہ ہوا تھا جس کے بعد پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا تھا۔ آئی کیوب قمر ’ کو انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے چین کی شنگھائی یونیورسٹی اور پاکستان نیشنل اسپیس ایجنسی ’سپارکو‘ کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔ یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا، پاکستانی سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کےلیے استعمال ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس مشن کا مقصد چاند کی سطح سے نمونے اکٹھا کرنا ہے اور ان نمونوں کو پھر زمین پر واپس لایا جائے گا جہاں سائنسدان چاند کی ساخت، تاریخ اور تشکیل کے بارے میں مزید جاننے کےلیے تحقیق کریں گے۔

Related Articles

Back to top button