ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں: بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتا ہوں۔ ورلڈ کپ جیتنا ہے تو ایک ہو کر کھیلنا ہوگا اور ہر ٹیم کو ہرانا ہو گا۔ اس بار پچھلی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  کے پوڈ کاسٹ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ امریکا میں کھیلنا ایک مختلف تجربہ اور ایک چیلنج ہو گا۔ صرف بھارت کے خلاف کھیلے جانے والا میچ نہیں بلکہ تمام میچز ہمارے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ اگر ہم نے ٹی20 ورلڈکپ جیتنا ہے تو متحد ہوکر کھیلنا ہوگا اور ایونٹ میں ہر ٹیم کو ہرانا ہوگا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان کو متعدد سیریز میں کامیابی دلوائی لیکن پاکستان کے لیے آئی سی سی ٹرافی لانا چاہتا ہوں ۔ ٹی20 ورلڈکپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ پچھلے 2 ٹی 20 ورلڈ کپ میں بہت قریب آ کر نہ جیت پائے۔ بحیثیت کپتان آئی سی سی ایونٹ نہ جیتنے کا افسوس ہے۔ اس بار ٹرافی کو جیتنا ہمارا مقصد ہے۔ یہ بات ہمارے ذہن میں ہے کہ پچھلی بار ہم نے سیمی فائنل اور فائنل کیسے کھیلا۔ اس بار ہم وہ غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔

 ٹی20ورلڈ کپ، بڑا اپ سیٹ، امریکہ نے پاکستان کو شکست دے دی

 

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ اپنے اسٹرائیک ریٹ کو بہتر کرنے پر کافی کام کیا ہے، میچ کی صورتحال کے حساب سے بیٹنگ کرتا ہوں، میرا بیٹنگ اسٹائل ایسا نہیں کہ جاتے ہی چھکے مارنا شروع کر دوں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے ذاتی ریکارڈ کے لیے نہیں کھیلتا ۔ فینز پاکستان ٹیم کو سپورٹ کریں یہ ہم سب کی ٹیم ہے۔

پاک بھارت مقابلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے میچ کی بات ہی کچھ اور ہوتی ہے۔ دنیا بھر کے شائقین میں انڈیا پاکستان میچ پر زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ یہ ایک پریشر گیم ہوتا ہے۔ اگر اس میچ میں فوکس اور بنیادی باتوں پرتوجہ رکھیں تو چیزیں آسان رہیں گی۔

 

Back to top button