امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد منظور

امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف قومی اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد منظور کرلی گئی۔

پنجاب اسمبلی میں قرارداد حکومتی رکن احسن رضا خان کی جانب سے پیش کی گئی، قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی قرارداد پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، امریکی کانگریس کی قرارداد پاکستان اور امریکہ کے دو طرفہ تعلقات کی عکاس نہیں ہے۔

قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی قرارداد پاکستان میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش ہے، پاکستان کے عام انتخابات کو اس قرارداد سے متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔ قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کے تمام ادارے آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں اور یہ پاکستان کے جمہوری اقدار کی پاسداری ہے۔ پنجاب اسمبلی کی قرارداد کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال کو امریکی کانگریس کی قرارداد میں غلط انداز میں پیش کیا گیا، امریکی قرارداد یہودی لابی کی سازش کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی تھی۔

Back to top button