عطا تارڑ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کو تعاون کی یقین دہانی

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سینیٹر سید علی ظفر کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کےاجلاس میں شرکت ،سینیٹر سید علی ظفر کو قائمہ کمیٹی کا چیئرمین بننے پر مبارکبا دی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ ہم جمہوری روایات کے امین ہیں۔قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے ساتھ مل کر کام کریں گے،ہمارے قائدین نے ہمیں سکھایا ہے کہ سیاسی مخالف زخمی ہو تو اس کے گھر جا کر اس کی تیمار داری کی جاتی ہے،سیاسی مخالف کی خاطر اپنی الیکشن مہم کو معطل کیا جاتا ہے۔

قومی اسمبلی:شاہ محمود کو ہتھکڑی لگانے پراپوزیشن لیڈر کی کڑی تنقید

عطا تارڑ نے کہا کہ سیاسی مخالفت سیاسی دشمنی نہیں ہوتی،سیاسی مخالفین سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے بات چیت کی جاتی ہے۔سیاست کے اندر ایک دوسرے کی خوشی غمی میں شریک ہونے کو فروغ ملنا چاہئے،ماضی میں ہم اس پر عمل پیرا ہوئے،ہمارے قائد نواز شریف نے ہمیشہ پارلیمان کی بالادستی کو ترجیح دی۔ان کے دور حکومت میں خارجہ پالیسی کے اہم اور سنجیدہ معاملات پر پہلی مرتبہ ایوان میں ووٹنگ سے فیصلہ ہوا۔

وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے 2017ءمیں اطلاعات تک رسائی کے قانون کا سہرا بھی تمام پارلیمنٹیرین کو جاتا ہے، یہ اقدام اس وقت کی حکومت نے نواز شریف صاحب کی قیادت میں اٹھایا تھا۔ہم نے ماضی سے سیکھا ہے،یہ وقت کا دھارا ہے کہ کل ہم اپوزیشن بینچوں پر تھے اور آج حکومت میں ہیں،کل کون اقتدار میں ہوگا یہ کوئی نہیں جانتا، ہم اپنے عمل سے پہچانے جائیں گے اور تاریخ بھی ہمیں اسی پیرائے میں جانچے گی۔

Back to top button