کراچی : موسلادھار بارش سے سیلابی صورت حال، پانی گھروں میں داخل

کراچی میں موسلادھار بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ شہر میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے جن میں آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، کھارادر، کورنگی، لانڈھی، گلشن حدید، نیو کراچی، نارتھ کراچی، ملیر، ایئرپورٹ اور دیگر علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
تیز بارش سے سخی حسن سے ناگن چورنگی تک روڈ زیرآب آگئی اور صفورا چورنگی سےحسن اسکوائر آنے اور جانے والے روڈ پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔
نیا ناظم آباد اور اوجھا کیمپس میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ گلستان جوہر بلاک تھری اے میں لینڈ سلائیڈنگ سے پارکنگ میں کھڑی درجنوں گاڑیاں دب گئیں۔ عزیز آباد بلاک 2 میں بھی تیز بارش کے باعث سیوریج اور بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیوریج کی لائنیں پہلے سے خراب ہیں آج بارش کے بعد پانی کی سطح بلند ہوگئی۔
گلستان جوہر بلاک تھری اے میں لینڈ سلائیڈنگ سے پہاڑی سے تودے گرنے سے رہائشی عمارت کی پارکنگ میں کھڑی درجنوں گاڑیاں دب گئیں، ملیر، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی،گلشن حدید، سعدی ٹاون، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا ، نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے ہیں۔
ندی کا پانی آنے سے کورنگی کاز وے کو ٹریفک کےلیے بند کردیا گیا ہے جب کہ ترقیاتی کام کے باعث لسبیلہ سے ناظم آباد جانے والا روڈ ٹریفک کےلیے بند ہے۔ سُرجانی ٹاؤن کے متاثرہ علاقوں سے 4 روز بعد بھی پانی نہیں نکالا جا سکا ہے جس کے باعث 80 فیصد سے زائد آبادی نقل مکانی پر مجبور ہو چکی ہے، شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تختوں اورڈرمز کے ذریعے کشتیاں بنا ئی ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں پانی کے ریلوں کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل شہر میں تیز بارش کی پیشگوئی کررکھی ہے جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہےکہ ہوا کے کم دباؤ نے زیریں سندھ سمیت کراچی کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، تیز بارش کا سلسلہ مزید 2 سے 3 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے، دو سے تین گھنٹے برسنے کے بعد مزید تیز بارش کا سلسلہ دیر شام یا رات میں دوبارہ شروع ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوا کے کم دباؤ کو آگے بڑھنے میں مزید دو دن لگ سکتے ہیں جس سے کل بھی شہر میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے اور بارش کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہ سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button