پاکستان نے اقلیتوں کومعاشی بااختیار بنانے کیلئےمتعدد اقدامات کیے ہیں،صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ ہر پاکستانی کو مذہب،ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کےبغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے، قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کےتحفظ کےلیے کیے گئے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کےلیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

ایوان صدر کی جانب سےجاری اعلامیہ کےمطابق صدر مملکت نے اقلیتوں کے دن 11 اگست کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا دن مناتے ہیں،قائداعظم محمد علی جناح کےاقلیتوں ک حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کےلیے کیےگئے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

صدر مملکت نےکہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں،ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے۔انہوں نے مسرت کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں،ہم نےسرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کےلیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے جب کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اقلیتی برادری کےلیے نشستیں مختص کی گئی ہیں ،اسی طرح غریب اورمستحق افراد کو مالی امداد، شادی کےلیے گرانٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہاکہ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنےکا حق ہے، معاشرے کے تمام طبقات بشمول مذہبی سکالرز، اقلیتی نمائندے اورمیڈیا لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کےبارے میں آگاہی دیں۔

Back to top button