لندن ہائیکورٹ: شہباز شریف کا برطانوی اخبار کیخلاف دعویٰ دائر

اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے برطانوی اخبارڈیلی میل کے خلاف باقاعدہ لندن ہائیکورٹ میں دعویٰ دائر کیا ہے جس میں اخبار پر جھوٹی خبر کے ذریعے ذاتی اور پیشہ وارانہ ساکھ کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
شہباز شریف نے رواں سال جنوری میں اپنے وکلا کے ذریعے برطانوی اخبار میل آن سنڈے اور برطانوی صحافی کو قانونی نوٹس بھجوایا تھا جبکہ اب باقاعدہ طور پر لندن ہائیکورٹ میں دعویٰ دائر کر دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے برطانوی اخبار پر دعویٰ میں موقف اختیار کیا ہے ڈیلی میل نے ذمہ دارانہ صحافت کے بنیادی اصولوں کی پاسداری نہیں کی، ہتک آمیز مضمون میں ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا گیا، انصاف کے حصول کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔شہباز شریف نے استدعا کی کہ اخبار کو مزید کسی متنازع رپورٹ کی اشاعت سے روکا جائے۔ شہباز شریف نے 10 ہزار 528 پاؤنڈ کورٹ فیس ادا کی جبکہ دعوے میں ہرجانے کی رقم کا تعین نہیں کیا۔
دوسری طرف ڈیلی میل میں شہباز شریف کے خلاف مضمون لکھنے والے صحافی ڈیوڈ روز سے جب مقدمے کے حوالے سے مؤقف پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ اب یہ معاملہ عدالت میں ہے اس لیے وہ کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 14 جولائی کو برطانوی اخبار نے شہباز شریف سے متعلق مضمون شائع کیا تھا، صحافی ڈیوڈ روز نے مضمون میں شہباز شریف پر کرپشن اور غبن کے الزامات لگائے تھے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے گزشتہ برس برطانوی صحافی کو لندن کی عدالت میں لے جانے کا اعلان کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button