سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی فلم کا ٹیزر جاری

طلاق کے ڈھائی برس بعد اداکارہ سائرہ یوسف اور اداکار شہروز سبزواری کی آنے والی پہلی رومانٹک فلم ’بے بی لیشیس‘ Babylicious کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ سائرہ اور شہروز اگرچہ ماضی میں بھی ایک ساتھ سکرین پر کام کر چکے ہیں اور حقیقی زندگی میں بھی رومانس کرچکے ہیں لیکن اب وہ طلاق کے بعد اس رومانوی فلم میں ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔ دونوں کے درمیان فروری 2020 میں شادی کے 8 سال بعد طلاق ہوگئی تھی، حالانکہ ان کی ایک بچی بھی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ طلاق کی وجہ شہروز سبزواری کی بے وفائی تھی کیونکہ انہوں نے سائرہ سے تعلق ختم ہونے کے چند ہی ماہ بعد معروف ماڈل صدف کنول کے ساتھ دوسری شادی کر لی تھی جو کچھ عرصہ پہلے ان کے بچے کی ماں بھی بن چکی ہیں۔

سائرہ اور شہروز نے 2012 میں پسند کی شادی کی تھی اور انکا شمار بہترین رومانوی جوڑیوں میں ہوتا تھا۔ سائرہ نے تاحال دوسری شادی نہیں کی لیکن وہ بھی مستقبل میں رشتہ ازدواج میں بندھنے کا اشارہ دے چکی ہیں۔ طلاق کے بعد اگرچہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری الگ الگ ڈراموں اور فلموں میں کام کرتے دکھائی دیتے رہے ہیں لیکن اب دونوں ایک ساتھ رومانوی فلم میں دکھائی دیں گے۔ حال ہی میں سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے اپنی فلم ’بے بی لیشیس‘ کی پہلی جھلک جاری کی تھی، جسے لوگوں نے کافی سراہا تھا۔ اب دونوں کی فلم کا ٹیزر بھی جاری کر دیا گیا ہے جسے دیکھ کر اگرچہ زیادہ تر لوگوں نے فلم کی تعریفیں کیں، تاہم دونوں کے کچھ مداحوں نے دونوں شخصیات کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا کہ ان کی شادی ٹوٹ گئی۔

فلم کے مختصر دورانیے کے ٹیزر میں سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کو رومانوی جوڑی کے طور پر دکھایا گیا اور ان کے درمیان رومانوی مناظر کو بھی ٹیزر کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ٹیزر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں فلم میں شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ٹیزر کو سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری دونوں نے انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button