خالد مقبول صدیقی کاوفاقی کابینہ میں واپسی سےانکار

وفاقی وزیردفاع پرویزخٹک نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کےکنوینرخالد مقبول صدیقی وفاقی کابینہ میں واپسی نہیں آنا چاہتے۔
نوشہرہ کےعلاقتے مانکی شریف میں اپنی رہائش پرغیررسمی بات چیت کرتے ہوئے پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات ہوئے ہیں جس کے بعد ان جماعتوں کے جائز مطالبات وزیراعظم عمران خان کے سامنے پیش کردیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے کنوینرخالد مقبول صدیقی نے کراچی میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے جو مطالبات رکھے وہ سب کے اجتماعی مسائل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں لیکن خالد مقبول صدیقی خود کابینہ میں واپس نہیں آنا چاہتے، ایم کیو ایم وزارت کے لیے دوسرا نام دے گی۔ وزیردفاع نے بتایا کہ پیرکواپوزیشن کےساتھ الیکشن کمیشن کی تعیناتیوں اورمنگل کو احتساب بل سے متعلق مذاکرات ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قانون سازی کےعمل میں اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے وعدے پورے نہ ہونے پراتحادی جماعتوں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس، ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق) اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کی جانب سے تحفظات کا اظہارکیا گیا تھا۔ اتحادیوں کومنانے کے لیے حکومت نے تمام جماعتوں کے مطالبات پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جب کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ناراض اتحادیوں کو منانے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔
گذشتہ روزپاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا وفد سینیئررہنما جہانگیر ترین کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پہنچا تھا، اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیردفاع پرویز خٹک اوروفاقی وزیراسد عمرسمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات کےدوران پی ٹی آئی وفد نے ایم کیو ایم کو دوبارہ کابینہ میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں آپ ہمارے ساتھ رہ کرملک وکراچی کی خدمت کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button