وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

ایوان بالا کے انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر اپ سیٹ شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے۔
دفتر وزیراعظم سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان شام ساڑھے 7 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم کی جانب سے قوم کو ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے خطاب کے حوالے سے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے بھی ٹوئٹ کی اور بتایا کہ وزیراعظم آج شام ساڑھے 7 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کا خطاب ایک ایسے وقت میں ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اکثریت ہونے کے باوجود سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست پر ایک اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 3 مارچ کو ایوان بالا کی 37 نشستوں میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز رہنے والی نشست اسلام آباد کی جنرل نشست تھی جس پر پاکستان تحریک انصاف و حکمران اتحاد کے امیدوار وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ تھے اور ان کے مدمقابل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی تھے۔ حکمران جماعت کو یقین تھا کہ وہ قومی اسمبلی جو اس نشست کے لیے الیکٹورل کالج تھی وہاں اکثریت کی وجہ سے یہ نشست جیت لے گی تاہم نتائج اس کے برعکس آئے اور اپوزیشن امیدوار یوسف رضا گیلانی 169 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ حفیظ شیخ 164 ووٹ حاصل کرسکے اور 7 ووٹ مسترد ہوئے۔
دلچسپ امر یہ رہا کہ اسلام آباد سے ہی خواتین کی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما 174 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جب کہ اپوزیشن کی امیدوار کو شکست دیکھنا پڑی۔ اس اپ سیٹ شکست کے بعد جہاں حکومت کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا وہیں اپوزیشن نے اس پر فتح منائی اور وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔ جس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی و دیگر وزرا نے ایک پریس بریفنگ کی اور بتایا کہ وزیراعظم نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی سلسلے میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ہفتہ 6 مارچ کو دوپر سوا 12 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جس میں وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button