بشریٰ بی بی کی شکایتوں پر علی امین کو ہٹایا گیا : مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی وفاداری کام نہیں آئی بشریٰ بی بی کی شکایتوں پر انہیں نے پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹادیا گیا۔

سینیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا کہ عمران خان نے صوبائی صدارت سے ہٹاکر علی امین گنڈاپور کو وفاق کی اکائیوں کو کمزور کرنے کی وفاداری کا انعام دیا۔ ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ کو دوسرے صوبے پر چڑھائی کرنےکا حکم دےکر استعمال کرکے فارغ کر دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران خان کی فطرت میں کسی کے ساتھ وفاداری ہے ہی نہیں۔ عمران خان ہر دوست،کارکن اور ساتھی کو اپنے ذاتی مقاصد کےلیے استعمال کرکے ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتے اور لوگوں کو ملک کےخلاف سازش کےلیے استعمال کرکے بے یارو مددگار چھوڑ دیتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹاکر عمران خان نے وفاداری کرنے والوں کی کمر میں چھرا گھونپنے کی اپنی روایت پھر دہرائی ہے۔ علی امین کی وفاداری کچھ کام نہ آئی بشری کی شکایتوں پر انہیں عہدے سے ہٹادیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کےلیے جس نے جتنی بڑی قربانی دی عمران خان نے اس سے اتنی ہی بڑی احسان فراموشی کی۔ اکبر ایس بابر،جسٹس وجیہہ، نعیم الحق،جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان عمران خان کی احسان فراموشی کی چند مثالیں ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے عمران خان کےلیے 9 مئی سے لےکر 26 نومبر تک ہر انتشاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ عمران نے اسے صوبائی صدارت کی عہدے سے ہٹاکر اچھا صلہ دیا۔ 9 مئی اور 26 نومبر کو نوجوانوں کو استعمال کیا اور پھر انہیں جیلوں میں سڑنے کےلیے اکیلا چھوڑدیا۔

190 ملین پاؤنڈز کیس : سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر

مریم اورنگزیب نےکہا کہ تمام زندگی دوسروں کو اپنے سیاسی مقاصد اور ذاتی مفادات کےلیے استعمال کرنےوالے کی فطرت آج بھی نہیں بدلی۔ آج کوئی پُرانا دوست،عہدے دار، ساتھی کارکن ساتھ کھڑا نہیں ہے۔عقل رکھنےوالے سمجھ رکھنے والے اس شخص کی فطرت کو سمجھیں اور اگلی کسی قسم کی ملک کےخلاف سازش کا حصہ نہ بنیں۔کسی بھی سازش اور ذاتی مقاصد  کاحصہ بننے سے پہلے سوچیں جو آج علی امین گنڈاپور سوچ رہے ہیں لیکن بہت دیر ہوچکی ہے۔

Back to top button