ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ : ارشد ندیم اور یاسر سلطان نے جیولین تھرو کے فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا

جنوبی کوریا میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں جیولین تھرو کے ایونٹ میں پاکستان کے ارشد ندیم اور یاسر سلطان نے فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔
ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ اے میں قومی ہیرو اور جیولین تھرو کے عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پہلی ہی باری میں 86.34 میٹر کی تھرو کر کے فائنل میں جگہ بنالی۔
جب کہ دوسرے پاکستانی ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھی 76.07 کی تھرو کر کے فائنل میں کوالیفائی کرلیا، بھارتی کھلاڑی یشمیر سنگھ نے 76.67 میٹر کی تھرو کی، فائنل اکتیس مئی کو ہوگا ۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے مقابلے سے قبل قوم سے اپنی کامیابی کےلیے دعا کی اپیل کی تھی،انہوں نے کہاتھاکہ گزشتہ سال کے اولمپکس کےبعد یہ ان کا پہلا ٹورنامنٹ تھا، انہوں نے کہاکہ میرے لیے دعا کریں تاکہ میں فائنل کےلیے کوالیفائی کرسکوں۔
ارشد ندیم کاکہنا تھاکہ چیمپئن شپ کا فائنل 31 مئی کو پاکستانی وقت کےمطابق دوپہر ایک بج کر 10 منٹ پر ہوگا،انہوں نے دعا کی درخواست کی کہ وہ میڈل حاصل کرسکیں اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کرسکیں۔