بلوچستان: بارکھان میں مسلح افراد نے بسوں سے اتار کر 7 مسافروں کو قتل کر دیا

بلوچستان کے ضلع بارکھان کی یونین کونسل رڑکن کےمقام پر مسلح افراد نے پنجاب سے تعلق رکھنےوالے سات مسافروں کو شناخت کے بعد قتل کردیا،واقعہ قومی شاہراہ پر پیش آیا،جہاں مسلح افراد نےمسافر گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی۔
یہ دہشت گردی کا واقعہ رکھنی کو ڈیرہ غازی خان سےملانے والی شاہراہ پر پیش آیا۔ جہاں 10 سے 12 دہشت گردوں نے کوئٹہ سے فیصل آباد جانےوالی مسافر بس کو روک کر اس میں سے 7 مسافر شناخت کرکے نیچے اتارے اور انہیں گولیاں مارکر فرار ہوگئے ۔جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کےمختلف شہروں سے تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر بارکھان خادم حسین کاکہنا ہےکہ بس کے 7 مسافروں کو اتار کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر کےمطابق بس کوئٹہ سے فیصل آباد جا رہی تھی۔
ایک مسافر نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے بتایاکہ 10، 12 مسلح افراد نے بس کو روکا اور پھر 7 مسافروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
مسافر نے بتایاکہ میرے بھائی عدنان کو بھی بس سے اتار کر قتل کیاگیا،بھائی کو شناختی کارڈ دیکھ کر بس سے اتارا گیا تھا۔
اس کےعلاوہ متاثرہ خاندان کی مسافر خواتین نے بھی بتایاکہ ہم کوئٹہ سے فیصل آباد جا رہے تھے،ہمارے بھائی کا شناختی کارڈ دیکھا اور دھکے مارتےہوئے بس سے اتارا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بارکھان میں 7 مسافروں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتےہوئے کہا ہےکہ دہشت گرد معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ امن دشمنوں کا بزدلانہ وار ناقابل برداشت ہے،سخت جواب دیا جائے گا۔پاکستانیوں کو شہید کرنےوالے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کےمطابق بارکھان واقعے کےبعد ایف سی اور لیویز، جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھےہوئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کےایم این اےنواب یوسف تالپور انتقال کرگئے
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ضلع بارکھان میں سات معصوم مسافروں کی دہشت گردوں کےہاتھوں شہادت کی شدید مذمت کی ہے۔
سرفراز بگٹی نےکہا کہ دہشت گرد معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنارہے ہیں، امن دشمنوں کا بزدلانہ وار ناقابل برداشت ہے،واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے،ایف سی اور لیویز دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھےہوئے ہیں،انہیں انجام تک پہنچاکر دم لیں گے۔