بنگلادیش میں آئندہ سال عام انتخابات کرانے کا اعلان

بنگلا دیشی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے قوم سےخطاب میں آئندہ سال ملک میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔

بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کا قوم سے خطاب میں کہنا تھا کہ بنگلادیش میں عام انتخابات اپریل 2026 کے پہلے 2 ہفتوں میں کسی بھی دن ہوں گے۔

محمد یونس نے کہا کہ بنگلادیش کا الیکشن کمیشن آنےوالے دنوں انتخابات کا مکمل شیڈول جاری کرےگا۔

انہوں نے کہاکہ عبوری حکومت نے اصلاحات،انصاف اور انتخابات کے مینڈیٹ پر ملک کا انتظام سنبھالا تھا اور آئندہ عید الفطر تک ملک میں انصاف اور اصلاحات کے حوالے سے قابل قبول حد تک کام مکمل ہو چکا ہوگا۔

قبل ازیں متعدد مرتبہ محمد یونس یہ کہتے رہے ہیں کہ بنگلادیش میں انتخابات دسمبر 2025 سے جون 2026 کے درمیان کروائے جا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ بنگلادیش میں رواں سال اگست میں پرتشدد عوامی انقلاب کےبعد وزیر اعظم حسینہ واجد بھارت فرار ہو گئی تھیں جس کےبعد  نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کو بنگلادیش کا عبوری سربراہ مقرر کیا گیاتھا۔

Back to top button