بلاول بھٹو نے 27ویں ترمیم کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے زیر گردش خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر اب تک کسی وفاقی وزیر،وزیر اعظم یا پارٹی کے رکن نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے اور سمجھوتے کے بعد منظور ہوئی تھی۔پیپلزپارٹی آئینی عدالتوں کے قیام کی خواہاں تھی، لیکن ہم نے اتفاقِ رائے کےلیے آئینی عدالت کی بجائے آئینی بینچ پر سمجھوتہ کیا۔
قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے ایک بیان میں 26 ویں آئینی ترمیم کو ’’ہمیشہ کی کامیابی‘‘ قرار دیتےہوئے کہا کہ عدالتی اصلاحات اور آئینی عدالتیں، چارٹر آف ڈیموکریسی کا حصہ تھیں،لیکن ہم نے قومی اتفاق کےلیے آئینی بینچ کو ترجیح دی۔
خیال رہے کہ اس وقت 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق سرکاری سطح پر کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے، جبکہ عدلیہ میں مزید اصلاحات کی تجاویز ابتدائی مراحل میں ہیں۔
