بلاول بھٹو نے پہلگام واقعے کی بھارت کو غیر جانبدارانہ  تحقیقات کی پیشکش کردی

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ  تحقیقات کی پیشکش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی حاصل نہیں ہے،جو دنیا کا سب سے بڑا فوجی علاقہ ہے،لیکن پھر بھی پاکستان نےکسی بھی غیر جانبدارانہ  تحقیقات میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے تاکہ سچ سامنے آئے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے غیر ملکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے واقعہ کی مذمت کرتاہوں، بھارت کا ان کی سر زمین پر ہونےوالے ہر حملے کا بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگانا غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کےلیے پاکستان پر الزام لگانا آسان ہے، بجائے اس کےکہ وہ اپنے اندرونی سنگین چیلنجز کا سامنا کرے،ہم نے بارہا بات چیت کی کوشش کی لیکن بھارت بات نہیں کرتا۔

بلاول زرداری کاکہنا تھاکہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے سوا کچھ نہیں چاہتا،نہ صرف پاکستان سے بلکہ پورے خطے سے،بھارت نہ صرف پاکستان پر الزامات عائد کررہا ہے بلکہ کشمیری عوام پر بھی اور جس طرح وہاں عام لوگوں اور ان کے رشتہ داروں کے گھروں کو تباہ کیا جارہا ہے،کشمیری عوام کو اجتماعی سزادی جارہی ہے،وہ بھی باعث تشویش ہے۔

ان کاکہنا تھاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ چکی ہے کیوں کہ جب بھی بھارت کے زیر قبضہ کشمیر یا بھارت میں کوئی دہشت گرد حملہ ہوتا ہے، بھارتی حکومت فوراً نہ صرف پاکستان پر الزام لگاتی ہےبلکہ جارحانہ اقدامات بھی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی حاصل نہیں ہے،جو دنیا کا سب سے بڑا فوجی علاقہ ہے،لیکن پھر بھی پاکستان نےکسی بھی غیرجانبدارانہ  تحقیقات میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے تاکہ سچ سامنے آئے۔

سندھ طاس معاہدہ علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے،اسحاق ڈار

بلاول زرداری نے مزید کہاکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا غیرذمہ دارانہ اقدام ہے،بھارت کی جانب سے ایک بوند پانی بھی روکاگیا تو اسے اعلان جنگ سمجھا جائے گا۔

Back to top button