کراچی کے تاجروں سے بلاول بھٹو کا لہجہ دھمکی آمیز تھا : خالد مقبول صدیقی

چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہےکہ امید تو یہ تھی کہ بلاول بھٹو زرداری کراچی کے تاجروں سے 15 سالہ زیادتیوں پر معافی مانگیں گے،لیکن ان کا لہجہ دھمکی آمیز تھا۔
متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ آپ کہتے ہیں بھتے کی پرچیاں آنا بند ہوگئی ہیں،آج روزانہ کی بنیاد پر بھتہ طلب کیا جارہا ہے اور نہ دینے پر روز قتل کیے جا رہے ہیں،آپ نے تاجروں سےملاقات میں اسٹریٹ کرائمز پر معافی کیوں نہیں مانگی؟
وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ کراچی آپ کے آنے کےبعد جس شکل میں ہے اس کی وضاحت تو کریں،آپ سوچے سمجھے منصوبے کےتحت کراچی کو تباہ کررہے ہیں،گزشتہ 15 سال سے سندھ میں جمہوریت کے نام پر ایک جماعت حکمرانی کررہی ہے، لیکن سندھ کے شہری علاقےبدترین حالات کا شکار ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی میں مصنوعی اکثریت کی حکومت ہے،امید تو یہ تھی کہ بلاول بھٹو کراچی کے تاجروں سے 15 سالہ زیادتیوں پر معافی مانگیں گے،لیکن ان کا لہجہ دھمکی آمیز تھا۔
پی ٹی آئی نے مذاکرات کےلیے وزیر اعظم کی ہاؤس کمیٹی بنانے کی تجویز مسترد کردی
رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سے ملاقات کےلیے جن تاجروں کو بلایا گیا،انہیں دھمکی دی گئی کہ وہ بھتہ خوری کی شکایت نہ کریں،اگر مسائل حل نہ ہوئےتو پھر نئے صوبے بنانےکی آواز تو اٹھے گی۔
سینئر رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا تھاکہ گزشتہ 15 سے 16 برسوں میں تاجروں،صنعت کاروں اور بلڈرز کی زمینوں پر تیزی سے قبضہ کیاگیا ہے۔