ملک میں امریکی ڈالراورسونے کی قیمتوں میں اضافہ

ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر اور سونے کی قیمتوں میں اضافے دیکھا گیا۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان جاری رہی لیکن اوپن مارکیٹ میں تعلیم صحت کے لیے سفر پر جانے والوں کو ویزے پاسپورٹ اور ٹکٹس ظاہر کرنے کی شرط پر ذرمبادلہ کی فروخت کے باعث ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی،انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 84پیسے کے اضافے سے 224.25روپے کی سطح پر بھی پہنچ گئی تھی لیکن کاروبار کے وسط میں ڈیمانڈ گھٹنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 39پیسے کے اضافے سے 223.80روپے کی سطح پر بند ہوا جبکہ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 231روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔عالمی مارکیٹ سونے کی فی اونس قیمت 9ڈالر کمی سے 1739 ڈالرہوگئی جبکہ فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں 150روپے اور128روپے کا اضافہ ہوا۔

کراچی حیدرآباد سکھر ملتان لاہور فیصل آباد راولپنڈی اسلام آباد پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھکر 159200 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھکر 136488روپے کی سطح پر آگئی،اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 20روپے بڑھکر 1710روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی 17.14روپے بڑھکر 1466.04 روپے کی سطح پر آگئی۔

Related Articles

Back to top button