ڈالر 193 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

جمعہ کی صبح امریکی ڈالر کی قدر 193 روپے سے زیادہ ہو کر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، 192 روپے کی بلند سطح پر پہنچنے سمیت تمام ریکارڈ بھی توڑ دیئے ہیں۔
ڈالر کی قدر میں 1 روپے 20 پیسے کا اضافہ ہوا، گزشتہ روز 192 روپے پر بند ہونے کے بعد ڈالر آج صبح 11:00 بجے کے قریب 193 روپے 10 پیسے کا ہوگیا۔
ڈالر کی قدر میں مسلسل چار دن سے تاریخی اضافہ جاری، غیر ملکی کرنسی منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں 188 روپے 66 پیسے کی ہونے کے بعد بدھ کو بڑھ کر190 روپے 90 پیسے کی ہوگئی جبکہ جمعرات کو ڈالر کی قدر 192 روپے کی ہو گئی تھی۔
الفا بیٹا کور کے چیف ایگزیکٹو خرم شہزاد نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں آج مزید اضافے کا امکان ہے، اس ڈیولپمنٹ کو عالمی مارکیٹ میں ڈالر کی متوقع مضبوطی اور امریکا میں شرح سود میں اضافے سے منسلک کیا۔
فاریکس ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک بوستان نے ڈالر کی قیمت کو روکنے کیلئے غیر ضروری اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔
ملک بوستان کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال کو بھی محدود کیا جائے اور بڑی بسوں میں ڈیزل کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے تاکہ ہماری تیل کی کھپت جس میں 30 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اس میں مزید اضافے کو روکا جا سکے۔

Related Articles

Back to top button