کیا” برانڈ کی ایک گاڑی پاکستان میں اسمبل کرنے کا فیصلہ


پاکستان میں کاریں فروخت کرنے والے ادارے دیوان فاروق موٹرز نے اعلان کیا ہے کہ ان کی کمپنی نے جنوبی کوریا کی کمپنی کِیا کارپوریشن سے گاڑیوں کی پروڈکشن اور اسمبل کرنے کا ایک معاہدہ کیا ہے۔ دیوان فاروق موٹرز پاکستان میں بیرون ممالک سے لائی گئی گاڑیوں کو اسمبل کرنے اور فروخت کرنے والے ادارے کے طور پر جانا جاتا ہے۔ دیوان فاروق موٹرز نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایک اطلاع نامہ دیتے ہوئے یہ اعلان کیا ہے کہ مذکورہ کمپنی نے کِیا کارپوریشن کے ساتھ ’ٹیکنالاجی لائسنس ایگریمنٹ‘ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق دیوان فاروق موٹرز کِیا کارپوریشن کی گاڑیاں پاکستان میں اسمبل کرنا شروع کرے گا مگر اس معاہدے کے تحت کِیا کارپوریشن کی جانب سے بننے والی گاڑیاں ان گاڑیوں سے مختلف ہوں گی جو یہ کورین کمپنی ’کِیا لکی موٹرز‘ کے ساتھ معاہدے کے تحت پاکستان میں فروخت کرتی ہے۔

انڈیپنڈنٹ اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق ’کِیا لکی موٹرز‘ سے معاہدے کے تحت فروخت کی جانے والی گاڑیوں میں کِیا پکانٹو، سپورٹیج اور سورینٹو سمیت دیگر سیڈان گاڑیاں شامل ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ دیوان موٹرز لمیٹڈ کِیا کمپنی کی کون سی گاڑیاں اسمبل کرے گا؟ چونکہ پاکستانی کمپنیاں ’کِیا لکی موٹرز‘ اور ’دیوان فاروق موٹرز‘ حریف کمپنیاں سمجھی جاتی ہیں، اس لیے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ’نئے معاہدے کے بعد کیا یہ کورین کمپنی حریفوں کو ایک ہی قسم کی گاڑیاں اسمبل کرنے کے لیے دے گی؟

یہ جاننے کیلئے دیوان فاروق موٹرز کے ترجمان محمد حنیف جرمن سے رابطہ کیا۔جرمن نے کورین کمپنی کِیا کے ساتھ دیوان موٹرز کے معاہدے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ’اس معاہدے کے تحت دیوان موٹرز کِیا کارپوریشن سے ہیوی گاڑیوں کے پرزہ جات منگوائے گا۔ یہ گاڑیاں کون سی ہوں گی، ابھی بتانا مشکل ہے، مگر کچھ عرصے بعد ہم نہ صرف اپنے شیئر ہولڈرز کو بلکہ عوام الناس کو بھی بتائیں گے، اس میں ابھی وقت لگے گا۔‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ ان گاڑیوں کی قیمت کتنی ہو گی تو انھوں نے کہا کہ وہ اس وقت یہ بھی نہیں بتا سکتے۔ دیوان فاروق موٹرز ایک ویت نامی کمپنی دیہان موٹرزکے ساتھ شہزور نام کا ایک کارگو ٹرک مقامی طور پر اسمبل کررہا ہے۔ کِیا کارپوریشن کے ریکارڈ کے مطابق کِیا اس وقت عالمی سطح پر صرف دو ہیوی گاڑیاں بونگو پک اپ ٹرک اور گرین برڈ بس بنا رہا ہے۔ اس لیے شہزور ٹرک کے تجربے کے باعث کار مارکیٹ کے مبصرین یہ خیال کر رہے ہیں کہ دیوان موٹرز بونگو پک اپ ٹرک ہی اسمبل کرنا شروع کرے گا۔

Related Articles

Back to top button