5 سالوں میں ملک کی برآمدات کو37 ارب ڈالر تک بڑھانے کا منصوبہ تیار

وزارت تجارت نے اگلے 5 سالوں میں ملک کی برآمدات کو37 ارب ڈالر تک بڑھانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
اسٹریٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک (ایس ٹی پی ایف) 2020-25 کے مسودے کو وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردیا گیا ہے تاکہ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرنے سے قبل ان کی رائے حاصل کی جاسکے۔ پالیسی کے تحت شعبے سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے تین درجے کا ادارہ جاتی طریقہ کار تجویز کیا گیا ہے۔ یہ خیال کیا جارہا ہے کہ نیا میکانزم برآمدکنندگان کو ان کی پریشانیوں پر قابو پانے میں سہولت فراہم کرنے میں بڑی حد تک مددگار ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم کی صدارت میں ایک اعلی اختیارات کا بورڈ قائم کیا جائے گا جو ملک سے برآمدات کے فروغ کے لیے پالیسیوں کی منظوری کے لیے سال میں دو بار اجلاس کرے گا۔ بورڈ کے دیگر ممبران میں وزرائے خزانہ، تجارت، غذائی تحفظ، توانائی، اور بجلی کے ڈویژنز، مرکزی بینک کے گورنر اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر اعلی عہدیدار شامل ہوں گے۔ وزارت تجارت کی سطح پر وزیر تجارت کے زیر صدارت ایک ایگزیکٹو کمیٹی قائم کی جائے گی جس کے متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین ممبر ہوں گے، کمیٹی روزانہ اور شعبہ جاتی امور کو حل کرنے کے لیے غور کرے گی اور سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ ایگزیکٹو کمیٹی پالیسی اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ماہانہ اجلاس کرے گی۔ تیسرے درجے میں 12 سے 16 شعبوں پر مخصوص کونسل / بورڈ تشکیل دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ یہ کونسلز شعبوں کا جائزہ لیں گی اور پالیسی کے علاوہ ملک سے ہونے والی برآمدات کے ساتھ ساتھ مصنوعات کے فروغ کے لئے مراعات بھی تجویز کریں گی۔ کونسل کی سفارشات پہلے منظوری اور عمل درآمد کے لیے ایگزیکٹو کونسل کو پیش کی جائیں گی تاہم اعلی سطح کے فیصلوں کی صورت میں یہ تجاویز ایگزیکٹو بورڈ کی سطح پر بھی اٹھائی جاسکتی ہیں۔ یہ پہلا ایس ٹی پی ایف ہوگا جو شعبوں کے لیے ایک وقتی سبسڈی کے بجائے ادارہ جاتی میکانزم کے قیام پر توجہ دے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button