9 ویں روز بھی ڈالر کی قدر میں1.70روپے کی کمی ریکارڈ

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اورانٹربینک مارکیٹ میں آج ڈالر 1.70 روپے سستا ہوا ۔

فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق روپے کی قدر گزشتہ روز 225 روپے 64 پیسے پر بند ہونے کے بعد آج 2 روپے 14 پیسے مزید بڑھ گئی، صبح 10 بجے کے قریب ڈالر کی قدر 0.95 فیصد بہتری کے ساتھ 223 روپے 50 پیسے تک آگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ 8 روز کے دوران ڈالر کی قدر میں 14 روپے 7 پیسے یا 5.87 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

تجزیہ کاروں نے روپے کی مضبوطی کی وجہ ستمبر میں ملکی درآمدی بل میں کمی کو قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ نئے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار موجودہ شرح کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو افسر بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیزمحمد سہیل کے مطابق ستمبر میں درآمدات میں کمی روپے کی قدر میں بہتری میں مدد دے رہی ہے، علاہ ازیں یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ نئے وزیر خزانہ روپے کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

سیکریٹری جنرل ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ظفر پراچا نے بھی روپے کی قدر میں تیزی سے بہتری کی وجہ گزشتہ ماہ درآمدات کم ہونے اور ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 20 فیصد کمی جیسے عوامل کو ٹھہرایا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی سختیوں کے اثرات مارکیٹ میں روپے کی قدر بحال کر رہے ہیں، ستمبر میں درآمدی بل 13 فیصد گرا ہے، تجارتی خسارہ بھی 20 فیصد کم ہوا ہے جو آنے والے روز میں روپے کی قدر کو مزید بہتر بنائے گا۔

ظفر پراچہ نے کہا مہنگائی بھی کم ہورہی ہے جس سے امید ہے کہ مالیاتی پالیسی مزید سخت نہیں ہوگی، ان عوامل کے مثبت اثرات بھی روپے کی قدر کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے، وزیر خزانہ کا ہنڈی حوالے کے خلاف ایکشن کے بعد سے سٹہ باز (جو مصنوعی طریقے سے ڈالر کی قیمت بڑھا رہے تھے) بھی اب اسٹاک کردہ ڈالر فروخت کر رہے ہیں، جس سے اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی طلب کم ہوئی ہے۔

حکومت نے اس حوالے سے دیگر اقدامات کے علاوہ شرح تبادلہ میں بینکوں کے کردار کے حوالے سے تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔

Related Articles

Back to top button